اسلام آباد (21 مارچ 2026) — وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر بھی ملک کی تمام بندرگاہیں مکمل طور پر فعال رہیں تاکہ برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کو سہولت فراہم کی جا سکے، یہ اقدام وزیرِ اعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق اٹھایا گیا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عید کے تہوار کے موقع پر بندرگاہی سرگرمیوں کا بلا تعطل جاری رہنا تجارتی و ترسیلی نظام کے تسلسل کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی 138 سالہ تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ عید کے پہلے روز بھی کارگو ہینڈلنگ کی سرگرمیاں جاری رہیں۔
وفاقی وزیر کی ہدایات پر چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) ریئر ایڈمرل عتیق الرحمٰن عابد کے ہمراہ بندرگاہ کے مختلف ٹرمینلز اور آپریشنل علاقوں کا دورہ کیا اور جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔










دورے کے دوران کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل اور ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینلز لمیٹڈ میں جاری لائیو آپریشنز کا معائنہ کیا گیا، جہاں عید کے باوجود کارگو ہینڈلنگ بغیر کسی تعطل کے جاری رہی۔ حکام نے ٹرمینل آپریٹرز، عملے، کسٹمز اہلکاروں اور کراچی ڈاک لیبر بورڈ کے کارکنوں کی خدمات کو سراہا جنہوں نے چھٹی کے دن بھی کام جاری رکھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عید کے دن اور اس کے بعد تعطیلات کے دوران بڑی تعداد میں درآمدی و برآمدی کنٹینرز کی بروقت ہینڈلنگ متوقع ہے، جو بندرگاہ کی چوبیس گھنٹے فعال رہنے کی صلاحیت کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت کراچی بندرگاہ کے آپریشنل معیار اور ملکی بحری تجارت میں اس کے مرکزی کردار کو مزید اجاگر کرتی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین کے پی ٹی نے وزیر بحری امور کی جانب سے ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی اور کسٹمز اہلکاروں کو عید کی مبارکباد بھی دی اور ان کی ذمہ داری اور مستعدی کو سراہا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کراچی بندرگاہ بطور ملک کا مرکزی بحری گیٹ وے کاروباری برادری کو بہترین سہولیات کی فراہمی جاری رکھے گی، خصوصاً ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے۔
مزید برآں انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ کے لیے اضافی فیڈر سروسز کے آغاز کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

