کراچی:ٹیکسٹائل اور ملبوسات انڈسٹری کی یورپ کی نمایاں تجارتی نمائش ٹیکس ورلڈ اپیرل سورسنگ پیرس Paris-Le Bourget میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔اگست31سے 2ستمبر تک منعقدہ اس 59ویں ایڈیشن میں عالمی ٹیکسٹائل اور فیشن ویلیو چین سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی نمائش کنندگان،خریداروں اور انڈسٹری ایکسپرٹس نے شرکت کی۔اس ایونٹ میں تقریباً 35 ممالک سے لگ بھگ1,300 مینوفیکچررز شریک تھے، یہ نمائش پروفیشنل خریداروں کو ایک جامع سورسنگ پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے جہاں مختلف قسم کے کپڑوں، ملبوسات، لوازمات اور ٹیکسٹائل کے جدید سالوشنز کا ڈسپلے کیا جاتا ہے۔ اس نمائش میں بین الاقوامی سطح پر بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی، نمائش میں پاکستان، بنگلہ دیش، چین، بھارت، ترکی، میانمار، جنوبی کوریا، جاپان اور اٹلی جیسی اہم مارکیٹوں کی نمائندگی کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے دیگر بڑے پیداواری ممالک سے تعلق رکھنے والے مینوفیکچررز اور سپلائرز بھی شامل تھے۔اس نمائش میں مجموعی طور پر 10 پاکستانی کمپنیوں نے شرکت کی،جن میں اسد انٹرپرائزز، فارو اسپورٹس، فیشن چینل، گارمنٹ ریسورسز، ایم ایس اپیرلز، کوئین اسپورٹس، روقی اسپورٹس، وارث ٹیکسٹائل اور زیڈ کے انٹرنیشنل نے ‘ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان’ (ٹڈاپ) کے پویلین میں ‘اپیرل سورسنگ’ کے شعبے میں اپنی مصنوعات کی نمائش کی، جبکہ اے کے ٹریڈرز نے ‘ٹیکس ورلڈ’ کے شعبے میں انفرادی طور پر شرکت کی۔نمائش کے حوالے سے زیڈ کے انٹرنیشنل کے سی ای او، رانا زوہیب خالد کا کہنا تھا کہ ””ٹیکس ورلڈ اپیرل سورسنگ پیرس میں شرکت کا تجربہ انتہائی شاندار رہا، جس نے نئے خریداروں سے ملاقات اور کاروبار کے نئے مواقع تلاش کرنے کے بہترین امکانات فراہم کیے۔فرانس میں ’میڈ اِن پاکستان‘ (پاکستان میں تیار کردہ) مصنوعات کی نمائش کرنا اور بین الاقوامی خریداروں سے رابطہ قائم کرنا ہمیشہ ہی باعثِ مسرت ہوتا ہے۔“پاکستان کی اس نمائش میں شرکت سے اس کی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پرمزید اجاگر کرنے، نئی برآمدی منڈیوں تک رسائی کے مواقع پیدا کرنے اور بین الاقوامی خریداروں کیدلچسپی حاصل کرنے میں مدد ملی۔ اس کے علاوہ، پاکستانی کمپنیوں کو نئے کاروباری روابط استوارکرنے اور پاکستان کو ایک مسابقتی اور قابلِ اعتماد سورسنگ مرکز کے طور پر اجاگر کرنے کا موقع بھی ملا۔

