پاکستان خطے میں سب سے زیادہ پٹرول مہنگا کرنے والا ملک بن گیا ہے،مہنگائی کا سیلاب آئے گا،صدر یو بی جی
کراچی(08مارچ2026)صدریونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی) اور سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر طفیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک 55 روپے فی لیٹر،مٹی کے تیل کی قیمت میں تاریخی 130روپے 8پیسے فی لیٹر مہنگااورجیٹ فیول کی نرخ میں 154 روپے کے غیر معمولی اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ ہنگامی صورتحال میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس فوری طور پر ختم کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں سب سے زیادہ پٹرول مہنگا کرنے والا ملک بن گیا ہے جس سے پاکستان میں مہنگائی کا نیا سیلاب آنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، بزنس کمیونٹی کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیاہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی جائے۔زبیرطفیل نے کہا کہ مٹی کا تیل ایک انتہائی غریب آدمی بھی استعمال کرتا ہے اور مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے فی لٹر پٹرولیم لیوی عائد ہے جبکہ لائٹ ڈیزل پر بھی15 روپے 84 پیسے فی لٹر لیوی عائد ہے،حکومت لیوی کو عارضی طور پر ختم کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو پیچھے چھوڑ دیا ہے،بھارت میں ایک لٹر پٹرول 94روپے، سری لنکا میں 293 روپے، بنگلہ دیش میں 116 ٹکا میں فروخت ہوتا ہے لیکن پاکستان میں 321.17روپے فی لیٹر پیٹرل کردیا گیا ہے جس سے براہ راست ملک کے غریب اور متوسط طبقے کے لوگ متاثر ہونگے اور مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوجائے گا جس کے اثرات واضح طور سے دکھائی دینے لگے ہیں کیونکہ ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافے کااعلان کردیا ہے،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتے ہی گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں 20 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی۔زبیرطفیل نے کہا کہ حکومت نے کمرشل پروازوں کے طیاروں کے لیے استعمال ہونے والے جی پی ون فیول کی قیمت بھی بڑھا دی ہے اورطیاروں کے استعمال کے لیے جیٹ فیول کی قیمت میں 154 روپے فی لٹر کا بڑا اضافہ کر دیاگیا ہے، جیٹ فیول کی قیمت 82 فی صد ریکارڈ اضافے سے 188.93 روپے سے بڑھ کر 342.37 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے، جس سے ایئرلائنز کے کرایوں میں فی ٹکٹ اضافے کا خدشہ ہے۔صدر یو بی جی نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائی ہیں لیکن حکومت کو چاہیے کہ اس اضافے کا سارا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے ٹیکس میں کمی کے ذریعے قیمتوں کے اثرات خود برداشت کرے۔

