کموڈٹیز کے حوالے سے اے کے ڈی کموڈٹیز وینٹیج کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے افراطِ زر (مہنگائی) کے خدشات بڑھنے کے باعث سونا دو ہفتوں سے زائد کی کم ترین سطح پر آ گیا۔ تیل کی قیمتوں میں تیزی کی وجہ سے افراطِ زر (مہنگائی) کے خدشات بڑھنے سے سونا گر کر دو ہفتوں سے زائد کی کم ترین سطح پر آ گیا، جبکہ فیڈرل ریزرو آئندہ ہفتے اپنی پالیسی کا فیصلہ سنائے گا۔
مشرقِ وسطیٰ کے تنازع میں ممکنہ شدت کے خدشات کے باعث جمعرات کو تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، کیونکہ اطلاعات کے مطابق امریکہ ایران کے خلاف دوبارہ فضائی حملے شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ جس سے عالمی سطح پر ایندھن کی سپلائی چین کے متاثر ہونے اور آبنائے ہرمز سے تیل کی فراہمی مکمل طور پر رک جانے کے خدشات ہیں۔
امریکی اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی دیکھی جارہی ہے۔ اور اس کی وجہ بڑی ٹیک کمپنیوں کی کارکردگی توقعات سے کم رہنا ہے۔ سال 2026 کی تیسری سہ ماہی کے مالیاتی نتائج میں میٹا پلیٹ فارمز (Meta Platforms) اور الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا (Tesla) سمیت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے مالیاتی نتائج سرمایہ کاروں کی توقعات کے مطابق نہیں رہے جس کی وجہ سے جمعرات کو ابتدائی اوقات میں امریکی ایکویٹی فیوچرز میں کمی دیکھی گئی۔
جنگ کی وجہ سے امریکی کرنسی پر سرمایہ کاروں کا اعتماد کم ہورہا ہے اور امریکا میں غیر مستحکم ایکویٹی مارکیٹوں، خام تیل کی بلند قیمتوں، مشرقِ وسطیٰ میں جنگ اور مصنوعی ذہانت سے مستقبل کے منافع میں ممکنہ مایوسی پر پریشان سرمائے کے تحفظ کے لیے سرمایہ کاروں کے محفوظ اثاثوں کی جانب رخ کرنے کے باعث، جمعرات کو ین (Yen) ایک ماہ میں اپنی سب سے بڑی روزانہ کی تیزی کی طرف بڑھا۔

