آگ بجھانے کے ڈیجیٹل نظام کے زریعے فضائی حادثات، جنگلات، اور دیگر ہنگامی حالات میں اگ بجھانے میں بہتری آئے گی۔
فرانس: ایئربس نے آگ بجھانے کے ایک جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا ہے جس کا مقصد آگ کا بروقت پتا لگانا، اس کی نگرانی کرنا اور مؤثر انداز میں اس پر قابو پانا ہے۔ اس ٹیکنالوجی میں آگ بجھانے کے حوالے سے تمام زرائع کو یکجا اور مربوط کیا جاتاہے۔ جن میں سیٹلائٹس، طیارے، ہیلی کاپٹرز اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن سسٹمز شامل ہیں۔ سیٹلائٹس زمین کے وسیع علاقوں کا مشاہدہ کر کے ابتدائی مرحلے میں آگ کا پتہ لگانے، اس کے پھیلاؤ کا تجزیہ کرنے اور نقصانات کا اندازہ لگانے میں مدد دیتے ہیں۔
مزید یہ کہ، جدید طیارے اور ہیلی کاپٹرز آگ کے مقام تک فوری رسائی فراہم کرتے ہیں، پانی یا دیگر مادوں کے ذریعے آگ بجھانے میں مدد دیتے ہیں، اور ریسکیو آپریشنز کو بھی سپورٹ کرتے ہیں۔
ایروسمپل کے مطابق ڈیجیٹل سسٹمز جیسے کہ ریئل ٹائم ڈیٹا، سینسرز، اور اینالیٹکس فائرفائٹرز کو صورتحال کی مکمل معلومات فراہم کرتے ہیں، جس سے بہتر فیصلہ سازی اور ٹیموں کے درمیان مؤثر رابطہ ممکن ہوتا ہے۔
ایئربس کا یہ جدید حل ایک “اینڈ ٹو اینڈ” (مکمل) نظام ہے جو آگ کی ابتدائی شناخت سے لے کر اس پر قابو پانے اور بعد ازاں نقصان کے جائزے تک تمام مراحل کو کور کرتا ہے۔
اس ڈیجیٹل نظام کی خصوصیات میں آگ کی جلد شناخت اور نگرانی، سیٹلائٹ اور ڈرونز کے ذریعے ڈیٹا حاصل کرنا،حاصل شدہ ڈیٹا کا رئیل ٹائم تجزیہ اور آگ کی پیش گوئی کرنا، فضائی اور زمینی ٹیموں کے درمیان موثر رابطہ کاری، ریسکیو اور ایمرجنسی آپریشنز میں معاونت کرنا شامل ہیں۔
ڈیجیٹل فائر فائٹنگ ٹیکنالوجی جدید ڈیٹا، مصنوعی ذہانت اور فضائی نظاموں کو یکجا کر کے آگ سے نمٹنے کے عمل کو زیادہ تیز، محفوظ اور مؤثر بناتی ہے۔

