کراچی: ترکی کے سیاحتی حکام نے اس بات کی دوبارہ تصدیق کی ہے کہ ملک بھر میں سفر اور سیاحت کی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں جبکہ 2026 کے ٹریول سیزن کے دوران پاکستانی سیاحوں کا خیرمقدم کرنے کے حوالے سے پُرامیدی کا اظہار کیا گیا ہے۔
جمہوریہ ترکی کی وزارتِ ثقافت و سیاحت اور ترکی ٹورازم پروموشن اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باوجود ملک میں تمام سیاحتی سرگرمیاں مکمل طور پر فعال ہیں۔
حکام کے مطابق استنبول، انطالیہ، بودروم، ازمیر اور کیپاڈوشیا جیسے بڑے سیاحتی مقامات کھلے ہوئے ہیں اور شیڈول کے مطابق کام کر رہے ہیں جہاں سیاحت سے متعلق کسی قسم کی بندش، رکاوٹ یا حکومتی پابندیاں نافذ نہیں کی گئیں۔ تمام بڑے ترک بین الاقوامی ہوائی اڈوں نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ علاقائی صورتحال کے باعث نہ تو کوئی ایئرپورٹ بند ہوا ہے نہ پروازوں پر پابندی عائد کی گئی ہے اور نہ ہی روٹس تبدیل کیے گئے ہیں جبکہ ترکی کے لیے پروازیں چلانے والی ایئرلائنز نے بھی تنازع سے متعلق کسی قسم کی منسوخی کی اطلاع نہیں دی۔
ترکی ٹورازم پروموشن اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی کے نمائندے نے کہا”پاکستان ترکی کے لیے ایک اہم سیاحتی مارکیٹ ہے جہاں کے مسافر ملک کے تاریخی شہروں، ثقافتی ورثے اور قدرتی مناظر میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ چونکہ ترکی میں سیاحت کی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں ہم آنے والے ٹریول سیزن میں ان کا خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔“
ترکی پاکستانی سیاحوں کے لیے ایک محفوظ، آسان رسائی والا اور ثقافتی طور پر بھرپور مقام برقرار ہے۔ سیاحتی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر غلط معلومات اور افواہوں کا تدارک کرتے ہوئے سفری شراکت داروں کو درست معلومات فراہم کرتے رہیں گے اور ضرورت پڑنے پر ڈیٹا اور سرکاری بریفنگز کے ذریعے مؤثر رابطہ کاری کو جاری رکھیں گے۔

