کراچی: 21مئی 2026: پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر اسٹیٹ بینک نے 75 روپے کے یادگاری سکّے کا اجرا کردیا ہے۔ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر حکومتِ پاکستان نے 75 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ سکّہ 25 مئی 2026ء سے ملک بھر میں ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاؤنٹر پر عوام کے لیے دستیاب ہوگا۔ یاد رہے کہ پاکستان اور چین نے 21 مئی 1951ء کو باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔
یادگاری سکّہ گول شکل کا ہوگا جس کے کنارے دندانے دار ہوں گے۔ اس کی دیگر تفصیلات یہ ہیں:
دھاتی ترکیب: تانبا اور نِکل (75فیصد تانبا اور 25فیصد نِکل)
قطر: 36.0 ملی میٹر
وزن: 19.0 گرام
سکّے کا سامنے والا رُخ:
سکے کے سامنے والے حصے میں وسط میں بڑھتا ہوا ہلال شمال مغرب کی سمت کی طرف ہے اور پانچ کونوں والا ستارہ اس کے ساتھ ہے۔ ہلال کے اوپر نیم دائرے کی صورت میں اردو رسم الخط کے ساتھ عبارت "اسلامی جمہوریہ پاکستان” کندہ ہے۔ ہلال کے نیچے، اور اوپر کی جانب خمیدہ گندم کی دو بالیوں کے ساتھ، سکے کا سالِ اجرا 2026 درج ہے۔ ستارہ و ہلال کے دائیں جانب سکے کی مالیت "75” اور بائیں جانب اردو رسم الخط میں "روپیہ” درج ہے۔
عقبی رخ: سکے کے عقب میں اوپری جانب نیم دائرے میں انگریزی رسم الخط میں الفاظ ”75th ANNIVERSARY OF PAKISTAN AND CHINA DIPLOMATIC RELATIONS”
اور نیچے کی جانب بھی نیم دائرے میں انگریزی رسم الخط میں الفاظ "TRUST FRIENDSHIP SUPPORT” درج ہیں۔ سکے کے وسط میں اسلامی جمہوریہ پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے قومی پرچم ہیں۔ قومی پرچموں کے نیچے خوبصورتی کے ساتھ عدد "75” لکھا ہے جو اس واقعے کی نمائندگی کرتا ہے۔ عدد "75” کے بائیں اور دائیں جانب "1951” اور "2026” درج ہیں جو سفارتی تعلقات کے دورانیے کو ظاہر کرتے ہیں۔ قومی پرچموں کے اوپر اردو اور چینی رسم الخط میں الفاظ ’’پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال‘‘ تحریر ہیں۔ عدد "75‘‘ کے نیچے الفاظ ’’اعتماد – دوستی – معاونت‘‘ اردو اور چینی رسم الخط میں تحریر ہیں۔

