کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی حالیہ معاشی بریفنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے احمد چنائے، چیئرمین پاکستان کلاتھ مرچنٹس ایسوسی ایشن (PCMA) و چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) کراچی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی تازہ معاشی رپورٹ اس امر کی عکاس ہے کہ پاکستان کی معیشت بتدریج استحکام کی جانب گامزن ہے۔ مالی سال 2027 کے لیے 4 فیصد جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ اور مالی سال 2026 میں بڑے صنعتی شعبے (LSM) کی اوسط 6 فیصد ترقی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔
ملک کے بیرونی شعبے میں نمایاں بہتری انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 18.4 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، جبکہ مالی سال 2026 میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر 41.5 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔ اسی طرح کرنٹ اکاؤنٹ کا 0 سے 1 فیصد جی ڈی پی کے درمیان سرپلس میں رہنا ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اور اعتماد افزا اشارہ ہے۔
اگرچہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث جون 2026 میں مہنگائی 11.1 فیصد تک پہنچی، تاہم پورے مالی سال کے دوران اوسط مہنگائی 7.04 فیصد رہی، جو اسٹیٹ بینک کے مقررہ ہدف کے قریب ہے۔
یہ معاشی اشاریے کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنیں گے۔ تاہم اس مثبت پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے مالیاتی نظم و ضبط، برآمدات میں اضافہ، صنعتی پیداوار میں مزید بہتری، نجی شعبے کی حوصلہ افزائی، سرمایہ کاری کے فروغ اور تسلسل کے ساتھ معاشی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ اگر یہی پالیسی سمت برقرار رہی تو پاکستان مضبوط، پائیدار اور جامع معاشی ترقی کی راہ پر مزید تیزی سے گامزن ہو سکتا ہے۔”

