کراچی ,17 اگست 2026: مارٹن ڈاؤ اور حکومت سندھ کے درمیان بابا آئی لینڈ، کیماڑی ٹاؤن کی مقامی آبادی کے لیے معیاری بنیادی صحت کی سہولتوں تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے کے تحت محکمہ صحت نے بابا آئی لینڈ میں قائم ڈی ایم سی ڈسپنسری کے انتظام، آپریشن اور دیکھ بھال کی ذمہ داری مارٹن ڈاؤ کو سونپ دی ہے۔ یہ ڈسپنسری مقامی آبادی کو مفت بنیادی صحت کی سہولتیں فراہم کرتی ہے، بالخصوص اُن افراد کو جو صحت کی سہولتوں تک محدود رسائی رکھتے ہیں۔
یہ شراکت داری ضروری طبی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانے اور پسماندہ و کمزور طبقات کی صحت اور فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے دونوں اداروں کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔ اس اقدام کے تحت مارٹن ڈاؤ اپنی طبی مہارت اور انتظامی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈسپنسری کے انتظام میں معاونت فراہم کرے گا، تاکہ مقامی آبادی کو قابل رسائی اور معیاری بنیادی صحت کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی، جس میں مارٹن ڈاؤ گروپ کے گروپ ایم ڈی اور سی ای او جاوید غلام محمد اور حکومت سندھ محکمہ صحت کے سیکریٹری طاہر حسین سانگی نے دستخط کیے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور مارٹن ڈاؤ کی سینئر قیادت موجود تھی۔
مارٹن ڈاؤ گروپ کے گروپ ایم ڈی اور سی ای او جاوید غلام محمد نے کہا، ”معیاری بنیادی صحت کی سہولتوں تک رسائی صحت مند معاشروں کی تشکیل کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ حکومت سندھ سے شراکت داری کے ذریعے بابا آئی لینڈ کی آبادی کے لیے ضروری طبی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانے میں کردار ادا کرنا ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔ ہمارا یقین ہے کہ بامعنی سرکاری و نجی شراکت داریاں صحت کی سہولتوں تک رسائی میں موجود خلا کو پُر کرنے اور اُن کمیونیٹیز کے لیے مثبت اور دیرپا اثرات مرتب کرنے میں مدد دے سکتی ہیں جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔“
مارٹن ڈاؤ کے گروپ ڈائریکٹر سی ایس آر رستم بوگا نے کہا، ”یہ شراکت داری ان اقدامات کے ذریعے کمیونیٹیز کی معاونت کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتی ہے جو ان کی بنیادی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے پر مرکوز ہیں۔ ڈی ایم سی ڈسپنسری کے انتظام اور آپریشن کی ذمہ داری سنبھال کر ہمارا مقصد بابا آئی لینڈ کے عوام کے لیے معیاری بنیادی صحت کی سہولتوں کو مزید قابل رسائی بنانا اور مقامی آبادی کے لیے صحت کے بہتر نتائج کے حصول میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔“
یہ معاہدہ حکومتِ سندھ کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داریوں کے ذریعے عوامی صحت ے نظام کو مستحکم بنانے اور صحت کی معیاری سہولتوں تک پسماندہ اور کمزور طبقات کی رسائی بہتر بنانے کے لیے مارٹن ڈاؤ گروپ کے عزم کو مزید تقویت دیتا ہے۔

