بدھ, مئی 13, 2026
ہومبزنساو جی ڈی سی ایل نے حیدرآباد میں ہوریزونٹل کنویں سے تیل...

او جی ڈی سی ایل نے حیدرآباد میں ہوریزونٹل کنویں سے تیل کی پیداوار شروع کر دی، توانائی شعبے میں اہم پیش رفت

پساخی-13 کنواں روزانہ 460 بیرل تیل پیدا کر رہا ہے، جدید ڈرلنگ ٹیکنالوجی کا استعمال

پیش رفت سے مقامی تیل کی پیداوار میں اضافہ اور توانائی کے تحفظ کو تقویت ملے گی

اسلام آباد :  آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ اتھارٹی (او جی ڈی سی ایل) نے حیدرآباد میں ایک ہوریزونٹل کنویں سے تیل کی پیداوار کا آغاز کر دیا ہے، جو پاکستان کے توانائی شعبے میں ایک اہم تکنیکی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جمع کرائے گئے اعلامیے کے مطابق کمپنی نے سندھ کے شہر حیدر آباد میں واقع پساخی-13 ڈیولپمنٹ کنویں سے پیداوار شروع کی ہے، جہاں سے اس وقت تقریباً 460 بیرل یومیہ تیل حاصل ہو رہا ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق یہ پاکستان کا پہلا کامیاب ہوریزونٹل آئل کنواں ہے جو ڈرلنگ ٹیکنالوجی میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔ کنویں کی گہرائی 2,966 میٹر تک ہے، جس میں 546 میٹر کا ہوریزونٹل سیکشن شامل ہے، اور اسے جیو-اسٹیئرنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے درست مقام پر ڈرل کیا گیا۔

کمپنی نے مزید بتایا کہ کنویں کو الیکٹرک سبمرسیبل پمپ  کے ذریعے مکمل کیا گیا، جو خاص طور پر ہوریزونٹل کنوؤں کے لیے موزوں ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت ریزروائر تک زیادہ رسائی حاصل ہوئی ہے، جس سے پیداوار روایتی کنوؤں کے مقابلے میں تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔

پساخی-13 کنواں پساخی اور پساخی نارتھ ڈیولپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز کا حصہ ہے، جہاں او جی ڈی سی ایل کی 100 فیصد ملکیت ہے۔ یہ منصوبہ کمپنی کے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مقامی ہائیڈروکاربن پیداوار بڑھانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

پاکستان کی درآمدی توانائی پر انحصار کے تناظر میں اس طرح کی کامیابیاں نہایت اہم ہیں، جو نہ صرف درآمدی بل میں کمی لائیں گی بلکہ توانائی کے تحفظ کو بھی مضبوط کریں گی۔

ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت مستقبل میں جدید ڈرلنگ ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کو فروغ دے سکتی ہے، جس سے مزید ذخائر دریافت ہونے اور توانائی کے شعبے میں طویل مدتی استحکام حاصل ہونے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

تازہ ترین