یوفون ایک واحد ادارے کے تحت ٹیلی نار پاکستان کے آپریشنز سنبھالے گا
ریگولیٹری منظوری سے مسابقت میں اضافہ اورفائیو جی پر منتقلی کی راہ ہموار
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی نار پاکستان کی پاکستان ٹیلی کمیونیکشن موبائل میں انضمام کی منظوری دیدی ہے۔ جس سے پاکستان کے ٹیلی کام شعبے میں ایک بڑی تبدیلی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
اس منظوری کے تحت ٹیلی نارپاکستان کے موبائل لائسنس، اثاثے اور آپریشنز پی ٹی ایم ایل کو منتقل کیے جائیں گے، جو یوفون کے نام سے خدمات فراہم کرتا ہے۔ انضمام کے بعد پی ٹی ایم ایل بطور مرکزی ادارہ برقرار رہے گا جبکہ ٹیلی نارپاکستان ایک علیحدہ لائسنس یافتہ آپریٹر کے طور پر ختم ہو جائے گا۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب پاکستان ٹیلی کمیونیکشن کمپنی (پی ٹی سی ایل) نے دسمبر 2025 میں ٹیلی نار پاکستان کے حصول کا عمل مکمل کیا، جو ملک میں اپنے ڈیجیٹل اور ٹیلی کام نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔
ریگولیٹری ذرائع کے مطابق یہ انضمام دونوں کمپنیوں کے نیٹ ورک انفراسٹرکچر، اسپیکٹرم اور خدمات کو یکجا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس اقدام سے آپریشنل کارکردگی میں بہتری، سروس کے معیار میں اضافہ اور ملک بھر میں کوریج کے پھیلاؤ میں بہتری کی توقع ہے۔
ماہرین کے مطابق اس انضمام کے بعد پاکستان میں موبائل آپریٹرز کی تعداد کم ہو کر تین رہ جائے گی، جس سے مسابقت میں اضافہ ہوگا اور بڑے پیمانے پر کاروباری فوائد حاصل ہوں گے۔ یہ اقدام نئی ٹیکنالوجیز، خصوصاً فائیو جی کے نفاذ اور ڈیجیٹل خدمات کی توسیع میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
پی ٹی اے نے اس سے قبل انضمام کا تفصیلی جائزہ لیا تھا، جس میں مسابقتی تحفظ، صارفین کے حقوق اور سروس کے تسلسل کو مدنظر رکھا گیا۔ یہ منظوری ایک وسیع ریگولیٹری فریم ورک کا حصہ ہے، جس کا مقصد متوازن ٹیلی کام مارکیٹ کو یقینی بنانا اور سرمایہ کاری و جدت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
انضمام کے عمل کے آغاز کے ساتھ ہی توقع ہے کہ ٹیلی کام شعبہ نمایاں تبدیلیوں سے گزرے گا، کیونکہ آپریٹرز اپنی انفراسٹرکچر کو ہم آہنگ کرتے ہوئے مستقبل کی ڈیجیٹل ضروریات کے لیے تیاری کریں گے۔

