کراچی: ابھی مائیکروفنانس بینک اور پاکستان الیکٹرنک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی پیمرا کے ایک معاہدے پر دستخط کیئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت پیمرا کے ملازمین کو ارنڈ ویج ایکسس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ جس کے ذریعے وہ ماہانہ تنخواہ کی ادائیگی سے قبل اپنی کمائی گئی تنخواہ کا ایک حصہ حاصل کر سکیں گے۔
اس اشتراک کے تحت ایک ایسا نظام قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے پیمرا کے ملازمین ابھی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے قلیل مدتی تنخواہی ایڈوانس حاصل کر سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد ملازمین کو روزمرہ مالی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے تاکہ وہ غیر رسمی یا مہنگے قرضوں پر انحصار سے بچ سکیں۔
معاہدے کے تحت ملازمین اپنی کمائی گئی تنخواہ کا ایک حصہ ڈیجیٹل ذرائع کو استعمال کرتے براہ راست اپنے بینک اکاؤنٹ میں حاصل کر سکیں گے۔ یہ سروس پیمرا کے پے رول سسٹم کے ساتھ مربوط ہوگی۔ جس سے ملازمین اور ادارے دونوں کے لیے ایک شفاف اور ہموار تجربہ یقینی بنایا جائے گا۔
معاہدے پر دستخط ابھی مائیکرو فنانس بینک کے ہیڈ آف ڈیجیٹل فنانشل سروسز ایم عمر رؤف اور پیمرا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل (فنانس) شمیم گل درانی نے اپنے اپنے اداروں کے نمائندوں کے ہمراہ کیے۔

