موبی لنک بینک کی بی بی ایپ خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت، سماجی بہتری کے ساتھ ساتھ چھاتی کے سرطان کی معلومات بھی فراہم کرے گی۔
اسلام آباد، 13 مئی، 2026۔ پاکستان میں صف اول کے ڈیجیٹل مائیکروفنانس بینک، موبی لنک بینک نے ”بی بی ایپ” (Bibi App) کے نام سے چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی فراہم کرنے والی موبائل ایپ متعارف کرا دی ہے، جس کا مقصد پاکستانی خواتین کو صحت سے متعلق آسان، قابلِ رسائی اور سماجی اعتبار سے موزوں اور بروقت معلومات فراہم کرنا ہے۔ یہ ایپ ”آنگن” نامی اسٹارٹ اپ نے تیار کی ہے، جو خواتین کی تولیدی صحت پر کام کرتا ہے اور موبی لنک بینک کے ویمن انسپائریشنل نیٹ ورک (WIN) کے انکیوبیٹر پروگرام کا حصہ ہے۔ بینکنگ انڈسٹری میں خواتین کی زیر قیادت WIN اپنی نوعیت کا پہلا انکیوبیشن پلیٹ فارم ہے۔
اس ایپ کی تعارفی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں غیر ملکی سفارتکاروں، پالیسی سازوں، طبی ماہرین، ترقیاتی شعبے سے وابستہ افراد اور مختلف صنعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد خواتین کی صحت اور چھاتی کے سرطان کی ابتداء ہی میں تشخیص سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا تھا۔ یہ اشتراک موبی لنک بینک کا خواتین کی صحت اور چھاتی کے سرطان کی آگاہی کے حوالے سے پہلا باقاعدہ ہیلتھ ٹیک اقدام ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق پاکستان میں ہر 9 میں سے 1 خاتون چھاتی کے سرطان کے خطرے سے دوچار ہے۔ یہ مرض پاکستان میں خواتین کو نشانہ بنانے والا سب سے عام کینسر ہے، اسکی بڑی وجوہات میں معاشرتی جھجک، آگاہی کی کمی اور تاخیر سے بیماری کی تشخیص شامل ہیں۔ بی بی ایپ کا مقصد خواتین تک مستند اور سماجی انداز سے متعلقہ معلومات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔ یہ ایپ خاص طور پر 18 سے 55 سال کی ایسی خواتین کے لیے تیار کی گئی ہے جو شہری، نیم شہری اور نیم دیہی علاقوں میں رہتی ہیں اور آگاہی کے وسائل تک محدود رسائی رکھتی ہیں۔ ایپ میں موجود معیاری اور درست معلومات کی نگرانی کا کام شفا انٹرنیشنل اسپتال کے ماہرین کی جانب سے سرانجام دیا گیا۔
یہ اقدام موبی لنک بینک کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ روایتی مالیاتی خدمات سے آگے بڑھ کر خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے جامع اور مؤثر انداز سے ڈیجیٹل جدت کو فروغ دے رہا ہے۔ بی بی ایپ میں ابتدائی تشخیص، احتیاطی تدابیر اور صحت سے متعلق آگاہی آسان انداز میں اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں فراہم کی گئی ہے۔ موبی لنک بینک اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے سے پاکستان بھر کی خواتین کے لیے بہتر اور جامع معاون نظام تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔
پاکستان میں خواتین کی زیر قیادت جدت پر مبنی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بی بی ایپ کا قیام موبی لنک بینک کی مسلسل کاوشوں کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔ بینک کے WIN انکیوبیٹر پروگرام کے تحت اب تک 31 خواتین کی زیر قیادت اسٹارٹ اپس کامیابی سے تربیت حاصل کرچکے ہیں۔ اسکے علاوہ، ملک کے کاروباری نظام کو مستحکم بنانے کے لئے سیالکوٹ میں نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے حالیہ قیام سے بینک کا دائرہ کار مزید وسیع ہوگا۔
اس موقع پر موبی لنک بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر،حارث محمود چوہدری نے کہا، ”حقیقی بااختیاری مالی وسائل سے رسائی کے ساتھ ساتھ درست معلومات، دیکھ بھال اور بہتر فیصلے کرنے کی صلاحیت سے شروع ہوتی ہے۔ بی بی ایپ کے ذریعے ہم ڈیجیٹل جدت کو بروئے کار لاکر خواتین کی صحت سے متعلق رکاوٹوں میں کمی لانے، ابتدائی تشخیص کے حوالے سے آگاہی بڑھانے اور اہم طبی معلومات کو آسان، موثر اور قابل فہم انداز میں خواتین تک پہنچانے کے خواہاں ہیں۔”
موبی لنک بینک اپنے WIN پروگرام کے ذریعے خواتین کی قیادت میں جدت اور ایسے قابلِ توسیع سہولیات کی معاونت جاری رکھے گا تاکہ پاکستان میں خواتین کو درپیش اہم سماجی اور معاشی مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے۔

