جمعرات, مئی 28, 2026
ہومبزنسکراچی میں سجا ترکیہ کے کھانوں کا دسترخوان

کراچی میں سجا ترکیہ کے کھانوں کا دسترخوان

کراچی: جمہوریہ ترکیہ کی وزارتِ ثقافت و سیاحت نے ترکش کُوزین ویک 2026 کے لیے باضابطہ تھیم ’’دی ہیریٹیج ٹیبل‘‘ کا اعلان کر دیا ہے جو ترک کھانوں کے ذریعے محفوظ ثقافتی کہانیوں، روایات اور مشترکہ یادوں کا جشن مناتا ہے۔

ترکش کُوزین ویک 21 سے 27 مئی 2026 تک ترکیہ بھر میں اور دنیا بھر میں ترک سفارتی مشنز اور ثقافتی مراکز میں خاتونِ اول محترمہ امینہ اردوان کی سرپرستی میں منعقد کیا جائے گا۔ یہ سالانہ تقریب ترکیہ کے بھرپور ثقافتی و غذائی ورثے اور لوگوں اور ثقافتوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اس کے کردار کو اجاگر کرتی ہے۔

اس سال کا تھیم ترک کھانوں کو صرف مختلف پکوانوں کے مجموعے کے طور پر نہیں بلکہ ایک زندہ ثقافتی ورثے کے طور پر پیش کرتا ہے، جو صدیوں پر محیط ہجرت، رسومات، روایات اور دسترخوان کے گرد مشترکہ تجربات کے ذریعے تشکیل پایا ہے۔ ہفتے کے دوران منعقد کی جانے والی سرگرمیوں میں اجتماعی ضیافتیں، شیفس کے اشتراک سے تقریبات، روایتی کھانا پکانے کے عملی مظاہرے، اور تاریخی تراکیب و پکوانی تکنیکوں کی نمائش شامل ہوگی۔

پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عزت مآب عرفان نظیراوغلو نے ترکش کُوزین ویک کے موقع پر 20 مئی 2026 کو ترک سفارتخانے کی رہائش گاہ میں ترک کھانوں کے روایتی اور لازوال پکوانوں پر مشتمل عشائیے کی میزبانی کی۔ سفیر نظیراوغلو نے کہا ’’ترکش کُوزین ویک پاکستان میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ ترک مہمان نوازی اور ثقافتی ورثے کی روح کو شیئر کرنے کا ایک موقع ہے۔ اس سال ہم ترکیہ اور دنیا بھر میں پانچویں مرتبہ ترکش کُوزین ویک منا رہے ہیں۔ کھانے کی میز یا ترک زبان میں ’صوفرہ‘ باہمی تعلق اور یکجتی کی قدیم ترین زبان ہے۔ یہ ترک مہمان نوازی کی گرمجوشی کی بھی عکاسی کرتی ہے اور ترک کھانوں کی صحت بخش، زیرو ویسٹ اور روایتی خصوصیات کو نمایاں کرتی ہے۔‘‘

اس سال پیش کیے جانے والے نمایاں پکوانوں میں مانتی، تندیر، دولما، باقلوا اور حلوہ شامل ہیں جن میں سے ہر ایک ترکیہ کی غذائی شناخت اور ثقافتی کہانی کے مختلف پہلوؤں کی نمائندگی کرتا ہے۔

سیاحت اور ثقافتی حکام کا کہنا ہے کہ ترکش کُوزین ویک دنیا بھر میں منعقد ہونے والی تقریبات کے ذریعے ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے اور ترکیہ کی بھرپور غذائی روایات کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے میں مسلسل اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

تازہ ترین