پاکستان،03 جولائی،:2026 کارانداز پاکستان نے اپنے ’اے آئی اِن ڈیجیٹل پیمنٹس پروگرام(AI in Digital Payments Program) ‘ کو مزید مؤثر بنانے کی غرض سے ڈی ٹیک اینڈ کنسلٹنسی پرائیویٹ لمیٹڈ (DTC) کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے۔ اس تعاون کے تحت "مائی اِنٹیلیجنٹ اسسٹنٹ” (MIA) کے نام سے ایک جدید اور صارف دوست حل تیار کیا جائے گا۔ ’MIA‘ ایک سیاق و سباق سے آگاہ مصنوعی ذہانت پر مبنی معاون (Context-Aware AI Companion) ایپ ہوگی، جس کا مقصد پاکستان بھر میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کو زیادہ قابلِ رسائی، آسان اور ہر طبقے کے لیے موزوں بنانا ہے۔
اس شراکت داری کے تحت ڈی ٹی سی پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی پلیٹ فارمز استعمال کرنے والے صارفین کو حقیقی وقت (Real-Time) میں، متعدد زبانوں اور انفرادی ضروریات کے مطابق رہنمائی فراہم کرے گا۔ ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور مالیاتی نظام میں تیز رفتار ترقی کے باعث صارفین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، تاہم محدود ڈیجیٹل آگاہی، زبان کی رکاوٹوں اور ایپلی کیشنز میں موقع کے مطابق رہنمائی کی کمی کے باعث بہت سے صارفین اب بھی ڈیجیٹل مالیاتی لین دین خود مکمل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، جس سے ان کا اعتماد متاثر ہوتا ہے۔
ڈیجیٹل مالیاتی ایپلی کیشنز میں سیاق و سباق کے مطابق ذہین رہنمائی کو براہِ راست شامل کرکے MIA ان رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ اسے ایک ذہین معاون کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جو صارفین کو ان کی ضروریات کے مطابق ذاتی نوعیت کی رہنمائی فراہم کرے گا۔ اس کے ذریعے ڈیجیٹل آگاہی میں موجود خلا کم کرنے اور مالیاتی خدمات کی رسائی کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی۔ کارانداز پاکستان اور ڈی ٹی سی کا مشترکہ مقصد پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں مصنوعی ذہانت پر مبنی حل متعارف کرانے کے لیے ایک قابلِ توسیع فریم ورک تشکیل دینا ہے، تاکہ صارفین کو زیادہ مؤثر، بامعنی اور دیرپا فوائد فراہم کیے جا سکیں۔
اس موقع پر کارانداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، وقاص الحسن نے کہا،
"مصنوعی ذہانت میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ لوگوں کے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات استعمال کرنے کے انداز کو یکسر بدل دے۔ ہم ایسے جدید اور اختراعی طریقوں پر کام کر رہے ہیں جن کے ذریعے معاشرے کے تمام طبقات کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو زیادہ آسان اور صارف دوست بنایا جا سکے۔ کارانداز پاکستان ڈیجیٹل مالیاتی شعبے میں جدت کے فروغ اور نئی ٹیکنالوجیز کو ذمہ دارانہ انداز میں اپنانے کے لیے پُرعزم ہے۔”
ڈی ٹیک اینڈ کنسلٹنسی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، عدیل دایو نے کہا:
"کارانداز پاکستان کے ساتھ شراکت داری ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے، جس کے ذریعے ہم ‘مائی اِنٹیلیجنٹ اسسٹنٹ (MIA)’ کو حقیقت کا روپ دے رہے ہیں۔ پاکستان کا ڈیجیٹل مالیاتی نظام تیزی سے فروغ پا رہا ہے، لیکن لاکھوں صارفین اب بھی موبائل والٹس اور ڈیجیٹل ادائیگی کی خدمات استعمال کرتے وقت مختلف مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ MIA اسی خلا کو پُر کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ سیاق و سباق کو سمجھنے والی مصنوعی ذہانت کی مدد سے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کے استعمال کو زیادہ آسان، فطری اور ہر طبقے کے لیے قابلِ رسائی بنائے گا۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ اقدام نہ صرف لوگوں کے ڈیجیٹل ایپلی کیشنز استعمال کرنے کے انداز میں مثبت تبدیلی لائے گا بلکہ پاکستان میں مالیاتی شمولیت اور ڈیجیٹل تبدیلی کے قومی ایجنڈے کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔”
‘مائی اِنٹیلیجنٹ اسسٹنٹ’ (MIA) کے ذریعے کارانداز پاکستان اور ڈی ٹیک اینڈ کنسلٹنسی (پرائیویٹ) لمیٹڈ ذمہ دارانہ انداز میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے صارفین کا اعتماد مضبوط بنانے، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات سے ان کی وابستگی بڑھانے اور ایک ایسا جامع مالیاتی نظام تشکیل دینے کے لیے کوشاں ہیں جہاں ٹیکنالوجی صارفین کے لیے حقیقی اور بامعنی فوائد فراہم کرے۔

