ہفتہ, جولائی 11, 2026
ہومبینک اور مالیاتاسٹیٹ بینک نے سرکاری تمسکات میں سرمایہ کاری کے لیے ’انویسٹ پاک‘...

اسٹیٹ بینک نے سرکاری تمسکات میں سرمایہ کاری کے لیے ’انویسٹ پاک‘ پورٹل کا باضابطہ آغاز کردیا

کراچیَ: بینک دولت پاکستان نے آج ’انویسٹ پاک‘کا باضابطہ آغاز کردیا۔ یہ ایک خصوصی ویب پورٹل اور موبائل ایپلی کیشن ایکو سسٹم ہے جسے حکومتِ پاکستان کی تمسکات میں مکمل طور پر ڈجیٹل انداز میں سرمایہ کاری کے لیے خردہ (retail) اور کارپوریٹ صارفین کی ضروریات کے مطابق بنایا گیا ہے۔ پورٹل کے آغاز کے علاوہ اسٹیٹ بینک نے ایک میڈیا مہم بھی شروع کی تاکہ ریاستی ڈیٹ مارکیٹ میں خردہ صارفین کی وسیع تر شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے اور اس حوالے سے عوام کی آگاہی بڑھائی جائے۔

اسٹیٹ بینک کراچی دفتر میں ہونے والی افتتاحی تقریب کی میزبانی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی وفاقی وزیرِ خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اورنگ زیب تھے۔ افتتاحی تقریب میں اسٹیٹ بینک کی سینئر قیادت، بینکوں کے صدور، کارپوریٹ اداروں، سرمایہ کار کمپنیوں، میوچل فنڈز کے سربراہان، اور بینکاری و مالی صنعت کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹر محمد اورنگ زیب نے وزیر اعظم کے ڈجیٹل لحاظ سے فعال اور مالی شمولیت پر مبنی معیشت کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی کے فروغ میں اسٹیٹ بینک کے سرگرم کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ’’انویسٹ پاک پاکستان میں سرمایہ کاری کو جمہوری بنانے کی سمت ایک فیصلہ کن اقدام ہے، جس کے ذریعے عام شہریوں خصوصاً نوجوانوں، کارپوریٹ اور دیگر اداروں کو محفوظ ریاستی سرمایہ کاری کے مواقع تک براہ راست ڈجیٹل رسائی دی گئی ہے۔ اس اقدام سے باضابطہ مالی شعبے میں شرکت زیادہ آسان، زیادہ شمولیتی اور معاشرے کے ہر طبقے کے لیے زیادہ قابل رسائی ہوگی۔‘‘

نجی شعبے کو قرض دینے پر اس اقدام کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھنے سے بینکوں کو اپنی بنیادی ذمہ داری یعنی نجی شعبے کو قرض دینے پر توجہ دینے میں اور پیداواری معاشی سرگرمی کی اعانت کرنے میں مدد ملے گی۔‘‘

اپنے استقبالیہ خطاب میں اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا کہ انویسٹ پاک پاکستان کے مالی منظرنامے کے ارتقا میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پلیٹ فارم اسٹیٹ بینک کے اسٹریٹجک وژن 2028ء کے تحت ہر شخص تک مالی خدمات کو آسان، پائیدار اور ڈجیٹل طریقے سے پہنچانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ گورنر نے انویسٹ پاک کو محض ٹیکنالوجی پلیٹ فارم نہیں بلکہ ایک دیرینہ خواب کی تعبیر قرار دیا، جس کا مقصد سرکاری تمسکات کی ایسی مارکیٹ کا قیام ہے جو جامع، مؤثر اور ہر سرمایہ کار کے لیے قابلِ رسائی ہو۔ انہوں نے کہا کہ انویسٹ پاک کا آغاز پاکستان بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے ڈجیٹل رسائی اور انہیں بااختیار بنانے کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

ملک گیر میڈیا مہم کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ صرف ٹیکنالوجی سے رویّوں میں تبدیلی نہیں آتی، بلکہ آگاہی اس تبدیلی میں کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک پرنٹ میڈیا، سوشل میڈیا اور ایف ایم ریڈیو کے ذریعے مربوط آگاہی مہم چلائے گا تاکہ سرکاری تمسکات میں سرمایہ کاری پر بات چیت گھر گھر میں ہونے لگے۔
گورنر نے اعادہ کیا کہ اسٹیٹ بینک خودکاریت (automation)، شفافیت اور بہترین بین الاقوامی روایات کو اپنا کر مارکیٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کے عزم پر قائم رہے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں (اسٹیک ہولڈرز) پر زور دیا کہ وہ انویسٹ پاک کو ایک مشترکہ قومی اقدام کے طور پر اپنائیں، اور بتایا کہ یہ پلیٹ فارم پاکستان کے مزید جامع اور خوشحال معاشی مستقبل کی تعمیر کے "ایک نئے باب” کا عکاس ہے۔

توقع ہے کہ اس پلیٹ فارم سے کاغذی کارروائی میں کمی آئے گی، شفافیت میں اضافہ ہوگا، اور گھروں اور دفاتر سے سرکاری تمسکات تک بآسانی رسائی میں مدد ملے گی، جس سے انفرادی سرمایہ کاروں، خواتین سرمایہ کاروں، چھوٹی چھوٹی بچت کرنے والوں، کارپوریٹ اداروں، اور مارکیٹ کے دیگر شرکا کو فائدہ پہنچے گا۔ اس میں شریک مالی اداروں کو پاکستانی روپے اور آئی پی ایس کے متعدد اکاؤنٹس سنبھالنے کے لیے ایک ہمہ گیر انٹرفیس بھی فراہم کیا گیا ہے، جس سے انہیں سہولت اور پورٹ فولیو کی بہترvisibility دستیاب ہوگی۔ عوام میں اس کی قبولیت کو بڑھانے اور صارفین کے مسائل حل کرنے کے لیے ویب پورٹل اور موبائل ایپلی کیشنز کی صورت میں تشکیل کردہ آن لائن سپورٹ سسٹم کے ساتھ ساتھ ایک خصوصی انویسٹ پاک کال سینٹر قائم کیا گیا ہے۔

انویسٹ پاک تک رسائی: سرمایہ کار یو آر ایل، investpak.sbp.org.pk کے ذریعے انویسٹ پاک پورٹل تک جا سکتے ہیں۔ اینڈرائیڈ صارفین کے لیے انویسٹ پاک موبائل ایپلی کیشن گوگل پلے اور آئی فون اور آئی پیڈ صارفین کے لیے ایپل ایپ اسٹور پر بھی دستیاب ہے۔

مزید پڑھیں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

تازہ ترین