اسلام آباد: کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت فیز ون جائزے کے بعد ٹریٹ کارپوریشن لمیٹڈ کی جانب سے لوڈز لمیٹڈ کے اضافی عام حصص کی سبسکرپشن کی منظوری دے دی ہے۔
ٹریٹ کارپوریشن نے کمپٹیشن ایکٹ کی دفعہ 11 کے تحت قبل از انضمام درخواست جمع کرائی تھی، جس میں رائٹس ایشو کے ذریعے لوڈز لمیٹڈ کے اضافی عام حصص کی سبسکرپشن کی اجازت طلب کی گئی تھی۔ مسابقتی جائزے کے بعد کمیشن نے کمپٹیشن ایکٹ کی دفعہ 31 کے تحت اس لین دین کی منظوری دے دی۔
ٹریٹ کارپوریشن ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے جو ریزر اور بلیڈز کی تیاری و فروخت کے ساتھ ساتھ اپنی ذیلی کمپنیوں کے ذریعے بیٹریاں، کارگیٹڈ باکسز، صابن، ادویاتی اجزا، الیکٹرک بائیکس، رکشے اور افرادی قوت سے متعلق خدمات فراہم کرتی ہے۔ لوڈز لمیٹڈ بھی ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے جو پاکستان کی آٹو موبائل صنعت کے لیے ریڈی ایٹرز، ایگزاسٹ سسٹمز اور دھاتی پرزہ جات تیار کرتی ہے۔ کمیشن نے اپنے جائزے میں متعلقہ مارکیٹ کو ایگزاسٹ سسٹمز، ریڈی ایٹرز اور میٹل شیٹ کمپوننٹس جبکہ متعلقہ جغرافیائی مارکیٹ کو پاکستان قرار دیا۔
کمیشن نے مشاہدہ کیا کہ ٹریٹ کارپوریشن اور لوڈز لمیٹڈ پہلے ہی باہم منسلک ادارے ہیں اور ان کی انتظامیہ میں مشترکہ نمائندگی موجود ہے۔ کمیشن نے قرار دیا کہ اس لین دین سے فریقین کے مارکیٹ شیئر یا متعلقہ مارکیٹ میں مسابقت پر کوئی نمایاں اثر نہیں پڑے گا۔ مزید برآں، اس سے نہ تو مارکیٹ میں داخلے کی رکاوٹیں پیدا ہوں گی اور نہ ہی فریقین کی مارکیٹ طاقت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس لیے یہ لین دین نہ مسابقت میں خاطر خواہ کمی کا باعث بنے گا اور نہ ہی غالب حیثیت پیدا یا مضبوط کرے گا۔
سی سی پی نے کمپٹیشن ایکٹ کی دفعہ 31 کے تحت اس لین دین کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن بروقت انضمامی جائزوں کے ذریعے جائز کاروباری تنظیمِ نو اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ منصفانہ مسابقت، مارکیٹ کی کارکردگی اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

