ہفتہ, ستمبر 5, 2026
ہومٹیک اینڈ ٹیلی کامزونگ اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مابین انڈس ڈولفن کی معدوم ہوتی...

زونگ اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مابین انڈس ڈولفن کی معدوم ہوتی نسل کا تحفظ یقینی بنانے کی شراکت داری

پاکستان۔ 14 جولائی، 2026۔۔ ۔پاکستان کی معروف ٹیکنالوجی سروسز کمپنی، زونگ نے دریائے سندھ میں ڈولفن (Platanista minor)کی معدوم ہوتی نسل کے تحفظ کی کوششوں کو مزید موثر بنانے کے لیے ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ساتھ شراکت داری قائم کر لی ہے۔ زونگ،ورلڈ وائیڈ فنڈ فار نیچر (ڈبلیو ڈبلیو ایف) پاکستان کے تحت انڈس ڈولفن تحفظ پروگرام کی معاونت کے ذریعے ریسکیو آپریشنز، ماحولیاتی نگرانی، مقامی آبادی کی شمولیت اور ماحولیاتی آگاہی کو فروغ دے رہا ہے تاکہ اس نایاب نسل اور اس کے دریائی ماحولیاتی نظام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس شراکت داری کے تحت انڈس ڈولفن ریسکیو اینڈ موبائل آگاہی ایمبولینس کی افتتاحی تقریب اسلام آباد میں ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے دفتر میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک تھے۔ اس موقع پر زونگ کے سی سی او ہوو جون لی، ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل حماد نقی خان، چینی کونسلر یانگ گوانگ یووان اور چینی سفارت خانے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے زونگ اور ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ،”

دریائے سندھ کی ڈولفن ان تمام تہذیبوں سے قدیم تر ہے جو دریائے سندھ کے کناروں پر پروان چڑھیں۔ اگرچہ یہ بینائی سے محروم ہے، لیکن یہ ہمیں سکھاتی ہے کہ قدرت کے ساتھ ہم آہنگی سے رہنے کے لیے ہمیشہ بصارت کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس نایاب نسل کا تحفظ ہماری اجتماعی کوششوں کا ثمر ہے، اور یہ ’ریسکیو اویئرنس ایمبولینس‘ مقامی کمیونٹیز کے تعاون سے اس نوع کو بچانے کے ایک طویل المدتی مشن کا آغاز ہے۔ میں وزیرِ اعظم کی جانب سے چینی سفارت خانے اور زونگ کا نہ صرف اس اہم مہم کی حمایت کرنے پر، بلکہ پاکستان بھر میں رابطوں کو مستحکم بنانے، دور دراز علاقوں تک رسائی ممکن بنانے اور لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔“

زونگ کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹیو آفیسر مسٹر ہوو جون لی نے کہا کہ،”اس اہم موقع کا حصہ بننا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انڈس ڈولفن ریسکیو ایمبولینس زونگ کے لیے ایک جامع ترقی اور ماحول دوست ذمہ داری کے عزم کی عملی مثال ہے۔ یہ ایک چھوٹا مگر مؤثر منصوبہ ہے جو چین اور پاکستان کی دیرینہ دوستی کی علامت بھی ہے۔ گزشتہ تقریباً دو دہائیوں سے زونگ پاکستان میں ڈیجیٹل خلاء کو کم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کی خدمت کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ منصوبہ ماحول کے بہتر تحفظ اور پاک چین تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔“

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل حماد نقی خان نے کہاکہ،”دریائے سندھ میں اس وقت تقریباً دو ہزار ڈولفن موجود ہیں جو تحفظ ماحول کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی ہے۔ 1992 سے ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان سندھ اور پنجاب کے محکمہ وائلڈ لائف سمیت دیگر شراکت داروں اور نجی شعبے کے تعاون سے 200 سے زائد پھنس جانے والی ڈولفن کو ریسکیو کرکے دوبارہ دریا میں چھوڑ چکا ہے۔ اس خصوصی ڈولفن ایمبولینس کی شمولیت سے ہماری ہنگامی امدادی اور نگرانی کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور پھنس جانے والی ڈولفن کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے گی۔ یہ شراکت داری اس بات کی بھی مثال ہے کہ کاروباری ادارے روایتی سماجی خدمات سے آگے بڑھ کر عملی اور قابلِ پیمائش ماحولیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔“

دریائے سندھ کی ڈولفن صرف اسی دریا کے نظام میں پائی جاتی ہے۔ تاہم رہائشی علاقوں کی تقسیم، میٹھے پانی کی کم ہوتی مقدار اور نہروں میں پھنس جانے جیسے مسائل کے باعث یہ دنیا کی شدید خطرے سے دوچار آبی نسل میں شامل ہے۔ اس منصوبے کے تحت خصوصی موبائل ریسکیو اور آگاہی یونٹ سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج کے درمیان موجود دنیا کی سب سے بڑی انڈس ڈولفن آبادی کے علاقے میں خدمات انجام دے گا۔ یہ یونٹ پھنس جانے والی ڈولفن کی نگرانی، ریسکیو اور محفوظ منتقلی میں معاونت فراہم کرے گا جبکہ تقریباً 1500 ماہی گیروں اور دریائی علاقوں کے مکینوں کو تحفظ ماحول کی سرگرمیوں میں شریک کرے گا اور دور دراز بستیوں میں پچاس کے قریب آگاہی سیشن بھی کروائے جائیں گے۔

زونگ کی پائیداری کی حکمت عملی کے تحت گرین اینڈ لو کاربن آپریشنز اور جامع ترقی کے اصولوں سے ہم آہنگ یہ شراکت داری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور مقامی آبادی کو بااختیار بنانے کے عزم کی عکاسی ہے۔ اس اقدام سے یہ پیغام بھی ملتا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ اور سماجی و معاشی ترقی ایک ساتھ آگے بڑھتے ہوئے پاکستان کے لیے زیادہ پائیدار مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

تازہ ترین