لاہور، 17 جولائی، 2026: فیصل بینک لمیٹڈ (FBL) نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) کے ساتھ اپنی شراکت داری کی تجدید کرتے ہوئے معیاری تعلیم تک رسائی کو فروغ دینے اور آئندہ نسلوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
فیصل بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین، میاں محمد یونس کی قیادت میں بینک کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے LUMS کیمپس کا دورہ کیا۔ وفد میں ڈائریکٹر حافظ محمد یوسف، صدر و سی سی او یوسف حسین سمیت دیگر سینئر حکام بھی شامل تھے۔ اس موقع پر وفد نے LUMS کے بانی پرو چانسلر سید بابر علی سے بھی ملاقات کی۔
دورے کی نمایاں سرگرمیوں میں LUMS انتظامیہ کو یونیورسٹی کے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام (NOP) کے لیے مالی تعاون کا چیک پیش کرنا شامل تھا۔ یہ پروگرام پاکستان بھر سے باصلاحیت طلبہ کو مالی مشکلات سے قطع نظر معیاری تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاک میں فیصل بینک کے تعاون کے اعتراف میں ایک آڈیٹوریم کو بینک کے نام سے منسوب کیے جانے کی یادگاری تختی کی بھی رونمائی کی گئی۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے فیصل بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین میاں محمد یونس نے کہا: LUMS کے ساتھ یہ شراکت داری ہمارے مشترکہ وژن کی عکاس ہے، جس کے مطابق حقیقی ترقی کا معیار صرف کامیابی حاصل کرنا نہیں بلکہ دوسروں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کرنا ہے۔ فیصل بینک کی مکمل اسلامی بینک میں تبدیلی بھی اسی یقین کی بنیاد پر عمل میں آئی، اور فیصل اسلامی اسکالرز پروگرام کے ذریعے ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ مالی مشکلات کسی بھی مستحق طالب علم کو LUMS کی فراہم کردہ معیاری تعلیم اور مواقع سے محروم نہ رکھ سکیں۔ ہم دعا گو ہیں کہ یہ تعاون پاکستان کے لیے طویل عرصے تک خیر و برکت کا ذریعہ بنا رہے۔”
فیصل بینک کے صدر و سی سی او یوسف حسین نے کہا:
"فیصل بینک میں ہمارا یقین ہے کہ کسی بھی ادارے کی سب سے قیمتی سرمایہ کاری انسانوں پر سرمایہ کاری ہوتی ہے۔ LUMS کے ساتھ یہ شراکت داری تعلیم کے فروغ سے ہماری گہری وابستگی کی عکاس ہے، کیونکہ ہم تعلیم کو ایک مضبوط اور زیادہ جامع معیشت کی بنیاد سمجھتے ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم مستقبل کے ایسے مالیاتی ماہرین کی تیاری میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جو پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اعلیٰ اخلاقی قیادت کی صلاحیت بھی رکھتے ہوں۔”
بینک کے تعاون کو سراہتے ہوئے LUMS کے بانی پرو چانسلر سید بابر علی نے کہا:
"فلاحی خدمات کی حقیقی اہمیت ایسے مواقع پیدا کرنے میں ہے جن کے فوائد نسلوں تک معاشرے کو حاصل ہوتی رہیں۔ ہم فیصل بینک کے LUMS کے ساتھ مسلسل تعاون پر شکر گزار ہیں اور اس بات کو سراہتے ہیں کہ بینک تعلیم میں سرمایہ کاری کو پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری سمجھتا ہے۔”
فیصل بینک معیاری تعلیم تک رسائی کو فروغ دینے اور پاکستان کی طویل المدتی سماجی و معاشی ترقی میں معاون اقدامات کی حمایت کے لیے پُرعزم ہے۔ اس نوعیت کی اسٹریٹجک شراکت داریوں کے ذریعے بینک مستقبل کے رہنماؤں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی کمیونٹیز پر دیرپا اور مثبت اثرات مرتب کرنے کے اپنے عزم کو عملی جامہ پہنا رہا ہے۔

