ہفتہ, ستمبر 5, 2026
ہومUncategorizedگوگل کے ساتھ اے آئی بلڈرز کی نئی نسل پاکستان کے ڈیجیٹل...

گوگل کے ساتھ اے آئی بلڈرز کی نئی نسل پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کی تشکیل کر رہی ہے

پاکستان – 3 اگست : اے آئی سیکھو 2026 (AI Seekho 2026) پاکستان کے سب سے بڑے اے آئی ڈیویلپر پروگراموں میں سے ایک کے طور پر کامیابی سے اختتام پذیر ہوا، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک کے ٹیکنالوجی شعبے میں مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق مہارتوں کی طلب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ گوگل نے یہ پروگرام وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن (MoITT)، ٹیلی نار پاکستان اور انووسٹا (Innovista) کے اشتراک سے منعقد کیا، جس میں ہزاروں ڈیویلپرز نے شرکت کرتے ہوئے گوگل اے آئی اسٹوڈیو (Google AI Studio) اور گوگل اینٹی گریویٹی (Google Antigravity) کی مدد سے اے آئی پر مبنی جدید حل تیار کیے۔ قومی سطح پر منعقدہ گرینڈ فائنل میں شریک ٹیموں نے مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے کے انعامی فنڈ کے لیے مقابلہ کیا، جس میں 10 لاکھ روپے کا شاندار پہلا انعام بھی شامل تھا۔

اے آئی سیکھو 2026 کی وسعت اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان میں مصنوعی ذہانت کی ترقی اور اس سے متعلق مہارتوں میں دلچسپی تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔ اس مہم کے ذریعے 50 ہزار سے زائد ڈیویلپرز اور اے آئی بلڈرز کو شامل کیا گیا، 17 ہزار سے زائد رجسٹریشنز ہوئیں، جبکہ 1,500 سے زیادہ اے آئی پر مبنی حل جمع کرائے گئے۔ یہ اعداد و شمار اس اقدام کو پاکستان میں ابھرتی ہوئی اے آئی صلاحیتوں کو دریافت کرنے، پروان چڑھانے اور قومی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بناتے ہیں۔

یہ نتائج پاکستان کے ٹیکنالوجی منظرنامے میں ایک اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت  کے جدید ٹولز تک وسیع تر رسائی نے اے آئی بلڈرز کی ایک زیادہ متنوع نسل کو بااختیار بنایا ہے۔ گوگل اے آئی اسٹوڈیو اور گوگل اینٹی گریویٹی کی مدد سے شرکاء نے اپنے اختراعی تصورات کو قابلِ عمل مصنوعات میں تبدیل کیا، جس سے تخلیقی صلاحیت، مسائل حل کرنے کی مہارت اور متعلقہ شعبوں کی گہری سمجھ کا مؤثر امتزاج سامنے آیا۔

ٹیکنالوجی تک رسائی کو عام کرنا ہی اس اقدام کے بنیادی مقاصد میں شامل تھا۔ اے آئی سیکھو 2026 اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ جب کسی کے پس منظر کے بجائے ٹیکنالوجی اور مواقع تک رسائی جدت طرازی کا فیصلہ کن عنصر بن جائے تو غیر معمولی نتائج سامنے آتے ہیں۔ شرکاء کی متنوع نمائندگی نے بھی اس شمولیتی وژن کو مزید تقویت دی۔ پروگرام میں 40 فیصد شرکاء پیشہ ور افراد تھے، جبکہ مجموعی شرکاء میں خواتین کا تناسب 25 فیصد رہا۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان میں اے آئی بلڈرز کی کمیونٹی اب ٹیکنالوجی کے روایتی حلقوں سے آگے بڑھ کر مختلف پیشہ ورانہ، تعلیمی اور سماجی پس منظر رکھنے والے باصلاحیت افراد کو اپنی جانب متوجہ کر رہی ہے۔ تکنیکی رکاوٹوں کو کم کر کے گوگل ایسے باصلاحیت، لچکدار اور اے آئی سے ہم آہنگ بلڈرز کی نئی نسل کو فروغ دے رہا ہے، جو پاکستان کو درپیش اہم چیلنجز کے مؤثر حل پیش کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ فاتح ٹیموں کا انتخاب انتہائی سخت مقابلے کے بعد کیا گیا، جہاں تین نمایاں ٹیموں نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے یہ ثابت کیا کہ پاکستان کا ابھرتا ہوا ٹیلنٹ عالمی معیار کی جدت طرازی کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستان کے نئے اے آئی بلڈرز سے ملیں:  اے آئی سیکھو 2026 کی کامیاب ٹیمیں

قومی چیمپئنز (10 لاکھ روپے): ٹیم اسٹرگلر — کراچی کی دو رکنی ٹیم، جو گوگل اینٹی گریویٹی کی مدد سے گیم ڈیزائن کی نئی جہتیں متعارف کرا رہی ہے۔

قومی وائب چیمپئنز کا اعزاز حاصل کرنے والے کراچی کی ڈی ایچ اے صفہ یونیورسٹی کے دو طلبہ نے اپنے منصوبے "Struggler” کے ذریعے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسٹرگلر ایک سنگل پلیئر، ایجنٹک اے آئی (Agentic AI) پر مبنی گیم ہے، جس میں ایک متحرک ورچوئل دنیا کھلاڑی کے رویّے کے مطابق حقیقی وقت میں خودکار طور پر اپنی مشکل کی سطح تبدیل کرتی ہے۔ ٹیم کے ارکان ابتدا میں وائب کوڈنگ (Vibe Coding) کو محض ایک معاون ٹول سمجھتے تھے، تاہم اے آئی سیکھو 2026 میں شرکت نے ان کا نقطۂ نظر مکمل طور پر بدل دیا۔ گوگل اینٹی گریویٹی کو بنیادی پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ٹیم اسٹرگلر نے روایتی گیم ڈیویلپمنٹ کی حدود سے آگے بڑھ کر ایک پیچیدہ اور نفسیاتی گیمنگ تجربہ تخلیق کیا۔ ان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ طلبہ کے درمیان مضبوط باہمی تعاون اور جدید ملٹی ایجنٹ اے آئی فریم ورکس کا امتزاج انٹرایکٹو تفریح کے مستقبل کو نئی جہت دے رہا ہے۔

دوسرا انعام  (6 لاکھ 50 ہزار روپے):  ٹیم نرچر — ایک متنوع ٹیم جو روایتی تصورات کو چیلنج کر رہی ہے۔

ٹیم نرچر (Team Nurture) اسلام آباد، کراچی، لاہور اور پشاور سے تعلق رکھنے والے پروڈکٹ ڈیزائنرز پر مشتمل ایک متنوع ٹیم نے مقابلے کے جدید ترین اے آئی ایکوسسٹمز میں سے ایک  ”حاضر – آپ کی خدمت میں (Hazir – At Your Service)“ تیار کیا۔ پروڈکٹ ڈیزائن کے شعبے سے وابستگی نے ٹیم کو صارفین کی ضروریات کو زیادہ ہمدردانہ انداز میں سمجھنے اور بہتر حل پیش کرنے میں نمایاں برتری دی۔ روایتی تصورات کے برعکس، ٹیم کے اہم اراکین میں فیشن ڈیزائن جیسے غیر روایتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے، جس سے ثابت ہوا کہ سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ میں انسان دوست سوچ بھی تکنیکی مہارت جتنی اہم ہوتی ہے۔ پاکستان کی غیر رسمی معیشت میں، جہاں روزمرہ سروسز کی بکنگ کے لیے متعدد فون کالز کرنا پڑتی ہیں،’ حاضر‘ اسی پیچیدہ نظام کو آسان بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم عام چیٹ بوٹس کی جگہ خودمختار اے آئی ایجنٹس استعمال کرتا ہے، جو قدرتی زبان میں کی گئی درخواستوں کو سمجھنے، موزوں سروس پرووائڈرز کا انتخاب کرنے، کام کی پیش رفت پر نظر رکھنے اور تمام انتظامی و لاجسٹک امور خودکار طور پر انجام دیتے ہیں۔ ٹیم نرچر کا انسان دوست نقطۂ نظر اس بات کی عمدہ مثال ہے کہ پاکستان کے اے آئی بلڈرز کس طرح ٹیکنالوجی کی دنیا کے روایتی اصولوں کو نئی شکل دے رہے ہیں۔

تیسرا انعام  (3 لاکھ 25 ہزار روپے):  ٹیم وائبرونکس — خود سیکھنے والے اے آئی تخلیق کاروں کے ابھرتے ہوئے دور کی علامت

ساہیوال سے تعلق رکھنے والے بچپن کے دو قریبی دوست، جنہوں نے ٹیم وائبرونکس (Team Viberonix) کے نام سے مقابلے میں حصہ لیا، اپنی زندگی کے پہلے ہی ہیکاتھون میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ ٹیم کے رکن عبداللہ نے آن لائن ذرائع سے خود سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ سیکھی اور بعد ازاں حقیقی کلائنٹس کے لیے سافٹ ویئر تیار کرنا شروع کیا۔ گِگ ورکرز کی بکنگ کے عمل کو آسان بنانے کے مقصد سے اس جوڑی نے وسیلہ (Wasila) کے نام سے ایک ذہین آن لائن مارکیٹ پلیس تیار کی، جو گوگل اینٹی گریویٹی سے تقویت یافتہ ہے۔ ملٹی ایجنٹ اے آئی آرکیسٹریٹر (Multi-Agent AI Orchestrator) کی مدد سے وسیلہ صارفین کو صرف ایک سادہ ٹیکسٹ پیغام کے ذریعے خدمات کی درخواست دینے کی سہولت فراہم کرتا ہے، جبکہ خودکار اے آئی ایجنٹس صارفین اور سروس پرووائڈرز کی جانب سے نرخ طے کرنے اور بکنگ کو حتمی شکل دینے کا عمل خود انجام دیتے ہیں۔ ججوں نے ٹیم وائبرونکس کو اس بات کی بہترین مثال قرار دیا کہ خود حاصل کی گئی مہارت، جذبہ اور محنت روایتی انجینئرنگ ڈگریوں کا بھی بھرپور مقابلہ کر سکتی ہے۔

اے آئی سیکھو 2026 نے اس بات کی ایک عمدہ مثال قائم کی ہے کہ جب پاکستان کے نوجوانوں کو جدید، جامع اور معیاری ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کی جائے تو وہ غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں سرکاری و نجی شعبے کے درمیان پائیدار تعاون مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کی شمولیت، نچلی سطح پر جدت طرازی کے فروغ اور پاکستانی اے آئی بلڈرز کی نئی نسل کو قومی سطح پر مؤثر حل تیار کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔

اس سلسلے کو آگے بڑھانے کے لیے گوگل اور اس کے شراکت دار ملک بھر میں ”اے آئی سیکھو بلڈرز ڈیز“(AI Seekho Builders Days) کا انعقاد کر رہے ہیں۔ ڈیویلپرز، اے آئی بلڈرز اور ٹیکنالوجی کے شائقین کو دو آئندہ ایونٹس میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے: ”اے آئی سیکھو بلڈرز ڈے – اسلام آباد“ (8 اور 9 اگست 2026ء  صبح  10:00 بجے سے شام 4:00 بجے تک) اور ”اے آئی سیکھو بلڈرز ڈے – کراچی“ (8 اور 9 اگست 2026ء  صبح 10:00 بجے سے شام 4:00 بجے تک) ۔ مزید معلومات کے لیے متعلقہ لنکس ملاحظہ کریں۔

مزید پڑھیں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

تازہ ترین