کراچی، 6 اگست، 2026: فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) نے سال 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران مستحکم مالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20.5 ارب روپے کا قبل از ٹیکس اور 10 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا۔ اس عرصے کے دوران بینک کی فی حصص آمدن6.60 روپے رہی۔ بینک نے دوسری سہ ماہی کے لیے فی حصص 1.50 روپے نقد منافع دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
مارکیٹ شرح منافع میں کمی کے باوجود فیصل بینک نے بیلنس شیٹ میں متوازن اور مستحکم ترقی کے ذریعے منافع بخش کارکردگی برقرار رکھی، جس کے نتیجے میں بینک کے مجموعی اثاثے 1.8 ٹریلین روپے سے بڑھ گئے۔ بینک نے اپنے ڈپازٹس مکس کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز رکھی اور خاص طور پر کرنٹ اکاؤنٹس پر توجہ دی گئی۔ تجارت اور لین دین پر مبنی سرگرمیوں، مسلسل بڑھتے ہوئے صارفین اور ملک بھر میں تیزی سے پھیلتے ہوئے وسیع برانچ نیٹ ورک کی بھرپور معاونت کے نتیجے میں بینک کی ڈپازٹ بنیاد مزید مستحکم ہوئی۔
رپورٹنگ مدت کے دوران بینک کے ڈپازٹس میں مستحکم اضافہ ہوا جو 9.5 فیصدبڑھ کر 1.56 ٹریلین روپے تک پہنچ گئے۔ کرنٹ اکاؤنٹس 21 فیصد اضافے سے 646 ارب روپے ہوگئے۔ کرنٹ اکاؤنٹ مکس دسمبر 2025 کے 37.5 فیصد سے بڑھ کر 41.4 فیصد پر جا پہنچے۔ جبکہ CASA میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو 81.9 فیصد سے بڑھ کر 86.8 فیصد ہو گیا۔ایڈوانس ٹو ڈپازٹ ریشو 61.1 فیصد سے کم ہو کر 51.7 فیصد پرآگیا۔ اس کے باوجود بینک کے اثاثے مستحکم رہے اور انفیکشن ریشو 2.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔مزید برآں 7 ارب روپے کے Tier II Sukuk کے کامیاب اجرا نے بینک کےسرمائے کی بنیاد کو مزید مستحکم کیا۔
مجموعی طور پرایف بی ایل کے مالیاتی نتائج اس کے اسلامی بینکاری ماڈل کی مضبوطی، مستحکم کاروباری بنیاد، مؤثر ومحتاط رسک مینجمنٹ اور مرکوز ترقیاتی حکمت عملی کی عکاسی کرتے ہیں۔ بینک کی یہ پیش رفت ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی پر مبنی جدت، خواتین کے لیے خصوصی مالیاتی سہولتیں اور صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی خدمات و مصنوعات کی بدولت مزید مستحکم ہوئی ۔
گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر جمعہ ابول نے پاکستان کے لیے طویل المدتی وابستگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا،”ہم فیصل بینک کی مستحکم رفت اور شاندار کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ بینک کی کامیاب تبدیلی اور مسلسل وسعت اختیار کرتا ہوا کاروباری دائرہ کار اس کی مؤثر حکمت عملی اور بہترین عملدرآمد کا ثبوت ہے۔ ہم بینک کے ترقیاتی منصوبوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ فیصل بینک اسلامی بینکاری میں اپنی قائدانہ حیثیت کو مزید مستحکم کرتے ہوئے پائیدار قدر پیدا کرنے کے سفر کو کامیابی سے جاری رکھے گا۔”
فیصل بینک کے چیئرمین میاں محمد یونس نے کہا، ”الحمدللہ یہ نتائج ایف بی ایل کے اسلامی بینکاری ماڈل اور برانچ نیٹ ورک پر مبنی ترقی کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ کامیابی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طویل المدتی حکمت عملی کی وجہ سے ممکن ہوئی، جس کا مقصد بینک کے برانچ نیٹ ورک کو بڑھانا اور قلیل و اوسط مدت میں کم لاگت بنیادی ڈپازٹس کی بنیاد کو مستحکم کرنا ہے۔ ہم اپنے معزز صارفین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، جن کا اعتماد اور بھروسہ ہماری ترقی اور کامیابی کا بنیادی ستون ہے۔”
فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے کہا،”ان شاء اللہ فیصل بینک اپنی جامع مصنوعات و خدمات، توسیع یافتہ برانچ نیٹ ورک اور مضبوط کاروباری بنیاد کے ساتھ ترقی کے لیے بہترین پوزیشن میں ہے۔ علاقائی آپریشنل مراکز، تجارت پر مبنی ترقی، مضبوط اسلامی اقدار اور مؤثر و منظم عملدرآمد کی بدولت ہم اپنے تمام شراکت داروں کے لیے پائیدار قدر فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔”

