اسلام آباد، 24 ستمبر 2026:کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے متحدہ عرب امارات کی کمپنی ویلورا گلوبل وینچرز ایف زیڈ سی کی جانب سے مسعود ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کے شیئرز کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔
مجوزہ ٹرانزیکشن کے تحت ویلورا گلوبل وینچرز، دو چینی کمپنیوں شنگھائی چیلنج ٹیکسٹائل کمپنی لمیٹڈ اور ژی جیانگ ژن آؤ انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ سے مسعود ٹیکسٹائل ملز کے شیئرز حاصل کرے گی۔
ویلورا گلوبل وینچرز متحدہ عرب امارات کی عجمان فری زون اتھارٹی میں رجسٹرڈ ہے اور پاکستان سے باہر ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی ہول سیل تجارت اور کمرشل بروکریج سے وابستہ ہے۔ مسعود ٹیکسٹائل ملز پاکستان کی لسٹڈ کمپنی ہے جو کاٹن اور مصنوعی فائبر یارن، نِٹڈ اور ڈائیڈ فیبرکس اور گارمنٹس تیار اور فروخت کرتی ہے۔
سی سی پی نے فیز ون جائزے میں یارن اور نِٹڈ فیبرک کو متعلقہ پراڈکٹ مارکیٹ جبکہ پاکستان کو متعلقہ جغرافیائی مارکیٹ قرار دیا۔ جائزے کے مطابق ویلورا گلوبل وینچرز کی ٹرانزیکشن سے قبل پاکستان میں کوئی مارکیٹ موجودگی نہیں تھی، اس لیے اس خریداری سے مسعود ٹیکسٹائل ملز کی مقامی فروخت، پیداوار یا مارکیٹ پوزیشن میں کسی نمایاں تبدیلی کی توقع نہیں۔
کمیشن نے قرار دیا کہ ٹرانزیکشن سے مارکیٹ میں داخلے کی نئی رکاوٹیں پیدا ہونے یا خریدار کی مارکیٹ پاور میں نمایاں اضافے کا امکان نہیں۔ چنانچہ سی سی پی نے کمپٹیشن ایکٹ، 2010 کی دفعہ 31 کے تحت ٹرانزیکشن کی منظوری دے دی۔
سی سی پی شفاف اور بروقت مرجر جائزوں کے ذریعے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔ مؤثر مرجر کنٹرول نظام سرمایہ کاروں کو ریگولیٹری اعتماد فراہم کرنے، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) اور کاروباری توسیع میں معاون ہونے کے ساتھ مارکیٹ میں مسابقت اور صارفین کے مفادات کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

