کراچی، یکم ستمبر: سوسائٹی آف میڈیکل آنکولوجی پاکستان (SMO-P) کے زیر اہتمام امریکن سوسائٹی آف کلینیکل آنکولوجی (ASCO) کے 2026 کے سالانہ اجلاس کا باضابطہ لائسنس یافتہ پروگرام 28 سے 30 اگست تک منعقد ہوا، جس میں پاکستان اور بیرون ملک سے تعلق رکھنے والے ماہرینِ سرطان نے شرکت کی۔
لاہور میں منعقد ہونے والی تین روزہ کانفرنس میں سرطان کی روک تھام، تشخیص اور علاج میں ہونے والی حالیہ پیش رفت اور انہیں پاکستان میں طبی عمل کا حصہ بنانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں جدید ادویات تک مساوی رسائی، نئی طبی تھراپیز کے نفاذ، مختلف شعبہ جات کے ماہرین پر مشتمل علاج، سرطان کے مریضوں کی ویکسینیشن اور طبی تحقیق کو روزمرہ علاج میں شامل کرنے جیسے امور زیر بحث آئے۔
کانفرنس میں نوجوان ماہرینِ سرطان کی پیشہ ورانہ تربیت اور علمی استعداد بڑھانے کے لیے ’میٹ دی ایکسپرٹس‘، پینل ڈسکشنز اور ’ریکون آنکو تھون‘ سمیت مختلف سیشنز بھی منعقد کیے گئے۔

