1اپریل 2026: مارچ 2026 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس عرصے میں مجموعی فروخت 3.745 ملین ٹن رہی، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں 3.712 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کیا گیا تھا، اس طرح سال بہ سال 0.91 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2026 میں مقامی سطح پر سیمنٹ کی فروخت 3.097 ملین ٹن رہی، جو مارچ 2025 کی 3.103 ملین ٹن فروخت کے مقابلے میں 0.20 فیصد کم ہے۔ تاہم برآمدات میں 6.56 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کا حجم 608,614 ٹن سے بڑھ کر 648,564 ٹن تک پہنچ گیا۔
مارچ 2026 کے دوران شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں نے 2.639 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کیا، جو مارچ 2025 میں فروخت کردہ 2.561 ملین ٹن کے مقابلے میں 3.07 فیصد زیادہ ہے۔ جنوبی علاقوں کی فیکٹریوں کی فروخت 1.11 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ سال کے 1.151 ملین ٹن فروخت کے مقابلے میں 3.89 فیصد کم ہے۔
شمالی علاقوں کی فیکٹریوں کی مقامی فروخت مارچ 2026 میں 2.639 ملین ٹن رہی، جو مارچ 2025 میں 2.542 ملین ٹن فروخت کے مقابلے میں 3.82 فیصد زیادہ ہے۔ جنوبی علاقوں کی فیکٹریوں نے مقامی مارکیٹ میں 457,583 ٹن سیمنٹ فروخت کیا، جو گزشتہ سال کے 560,797 ٹن کے مقابلے میں 18.40 فیصد کم ہے۔
مارچ 2026 کے دوران شمالی علاقوں سے کوئی برآمدات نہیں ہوئیں، جبکہ جنوبی علاقوں کی برآمدات میں 9.91 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 590,106 ٹن سے بڑھ کر 648,564 ٹن تک پہنچ گئیں۔
رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران مجموعی سیمنٹ فروخت (مقامی اور برآمدی) 38.54 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے 35.1 ملین ٹن کے مقابلے میں 9.80 فیصد زیادہ ہے۔ اس دوران مقامی فروخت 31.6 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ سال کے 28.56 ملین ٹن کے مقابلے میں 10.61 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ برآمدات بھی 6.25 فیصد بڑھ کر 6.94 ملین ٹن ہو گئیں، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 6.53 ملین ٹن برآمدات کی گئی تھیں۔
شمالی علاقوں کی فیکٹریوں نے جولائی 2025 سے مارچ 2026 کے دوران 26.384 ملین ٹن سیمنٹ مقامی مارکیٹ میں فروخت کیا، جو گزشتہ سال کے 23.527 ملین ٹن کے مقابلے میں 12.14 فیصد زیادہ ہے۔ تاہم شمالی علاقوں کی برآمدات میں 28.54 فیصد کمی آئی اور یہ 1.12 ملین ٹن سے کم ہو کر 800,360 ٹن رہ گئیں۔ مجموعی طور پر شمالی علاقوں کی فروخت 10.29 فیصد اضافے کے ساتھ 27.184 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ 24.647 ملین ٹن تھی۔
جنوبی علاقوں کی فیکٹریوں کی مقامی فروخت جولائی 2025 سے مارچ 2026 کے دوران 5.216 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ سال کے 5.041 ملین ٹن کے مقابلے میں 3.47 فیصد زیادہ ہے۔ جنوبی علاقوں کی برآمدات میں 13.45 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 5.412 ملین ٹن سے بڑھ کر 6.14 ملین ٹن ہو گئیں۔ مجموعی طور پر جنوبی علاقوں کی فروخت 8.64 فیصد اضافے کے ساتھ 11.356 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ 10.453 ملین ٹن تھی۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ موجودہ جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کی صورتحال مینوفیکچرنگ سیکٹر کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہیں۔ سیمنٹ ایک توانائی پر انحصار کرنے والی صنعت ہے اور تیل اور کوئلے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ لاگت میں اضافے اور سپلائی چین میں خلل کا باعث بن سکتا ہے۔ ترجمان نے عالمی سطح پر کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے مثبت کردار کو قابل تعریف قرار دیا۔

