جمعہ, جون 5, 2026
ہومصحتپاکستان کی چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کو سماجی جدت کے لیے خدمات پر...

پاکستان کی چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کو سماجی جدت کے لیے خدمات پر برطانیہ میں اعزاز سے نواز جائے گا۔

کراچی، 9 اپریل 2026: چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کو سماجی جدت کے لیے 2026 کا اسکل ایوارڈ سیکول ورلڈ فورم کے 23ویں سالانہ اجلاس کے دوران دیا جائے گا، جو 21 سے 24 اپریل تک آکسفورڈ، برطانیہ میں منعقد ہوگا۔

چائلڈ لائف فاؤنڈیشن دنیا کی تین تنظیموں میں شامل ہے جنہیں یہ ایوارڈ دیا جا رہا ہے۔ یہ ادارہ پاکستان میں بچوں کے ایمرجنسی وارڈز کو جدید بنا کر اور انہیں ٹیلی میڈیسن نیٹ ورک سے منسلک کر کے روزانہ ہزاروں بچوں کی جانیں بچا رہا ہے۔

چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے سی ای او ڈاکٹر احسن ربانی نے اس پیش رفت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، “یہ اعزاز ہماری فرنٹ لائن ٹیموں کی کارکردگی اور محنت کے مرہون منت ہے  جو 24 گھنٹے بچوں کی زندگیاں بچانے کے لیے کام کر رہی ہیں، ساتھ ہی اس کا سہرا ہمارے سرکاری شراکت داروں کے سر ہے جو اس نظام کو وسعت دیتے ہیں، اور ہمارے معاونین  جو اس مشن پر یقین رکھتے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کا عزم ہے کہ “کوئی بھی بچہ معیاری ایمرجنسی طبی سہولت سے 30 منٹ سے زیادہ دور نہ ہو اور انہیں یہ سہولت  24 گھنٹے بلا معاوضہ دستیاب ہو۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسکل ایوارڈ برائے سماجی جدت ان غیر منافع بخش تنظیموں کو دیا جاتا ہے جن کا عالمی سطح کے پیچیدہ مسائل کے حل میں نمایاں اور ثابت شدہ کردار ہو۔

اس موقع پر اسکل فاؤنڈیشن کی سی ای او و صدر مارلا بلو نے کہا، “اس سال کے اسکل ایوارڈ یافتگان اس بات کا ثبوت ہیں کہ جب جرات مند اور تخلیقی رہنما کسی مسئلے کو حل کرنے کا عزم کر لیتے ہیں تو ان کی کوششیں عالمی نظام میں تبدیلی کا باعث بنتی ہیں۔ متاثرہ کمیونٹیز کے ساتھ شراکت داری اور مختلف شعبوں کے اشتراک کے ذریعے یہ ادارے صحت، تعلیم اور عوامی فلاح کے شعبوں میں دیرپا اثرات مرتب کر رہے ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ سماجی شعبے کو درپیش شدید چیلنجز کے باوجود یہ ادارے نہ صرف اپنے اثرات برقرار رکھے ہوئے ہیں بلکہ انہیں کئی گنا بڑھا بھی رہے ہیں۔

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان دنیا میں بچوں کی شرح اموات کے لحاظ سے بلند ترین ممالک میں شامل ہے، جہاں نمونیا جیسے قابل علاج امراض کے باعث روزانہ تقریباً ایک ہزار بچے جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔

چائلڈ لائف فاؤنڈیشن ان اموات کی روک تھام کے لیے پاکستان میں بچوں کے ایمرجنسی طبی نظام کو مضبوط بنا رہی ہے۔ یہ ادارہ سرکاری اسپتالوں میں بچوں کے ایمرجنسی وارڈز کی بحالی اور انتظام میں حکومت کے ساتھ شراکت داری کرتا ہے اور جدید سہولیات، آلات، مؤثر نظام اور تربیت یافتہ عملے کے ذریعے عالمی معیار کی طبی خدمات فراہم کرتا ہے۔ اس نظام کے تحت زیر انتظام ایمرجنسی وارڈز میں بچوں کی شرح اموات میں نمایاں کمی آئی ہے۔

چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کا 24/7 ٹیلی میڈیسن نیٹ ورک 300 سے زائد ثانوی درجے کے اسپتالوں کو بچوں کے ماہر ڈاکٹروں سے منسلک کرتا ہے، جو ملک کے 90 فیصد حصے کا احاطہ کرتا ہے۔

حکومتی ڈاکٹروں کی استعداد کار بڑھانے، 40 جدید ایمرجنسی وارڈز اور 400 سے زائد ٹیلی میڈیسن مراکز کے قیام کے ذریعے ادارہ ہر سال 2 کروڑ بچوں تک زندگی بچانے والی طبی سہولیات پہنچانے کا ہدف رکھتا ہے۔

 Skoll Foundation دنیا کے اہم مسائل کے حل کے لیے سماجی کاروباری افراد اور جدت کاروں میں سرمایہ کاری، ان کے درمیان روابط اور ان کی حوصلہ افزائی کے ذریعے انقلابی سماجی تبدیلی کو فروغ دیتا ہے۔

مزید پڑھیں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

تازہ ترین