کراچی 11 مئی 2026: نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے راست پرسن ٹو مرچنٹ (P2M) ایکوائرنگ کے کمرشل آغاز کی منظوری حاصل کرلی ہے۔ جو ڈیجیٹل بینکنگ حکمتِ عملی اور پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے سفر میں ایک نمایاں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ پیش رفت ملک کو جدید، محفوظ اور مؤثر کیش لیس معیشت کی جانب لے جانے کی قومی کوششوں کو مزید تقویت دے گی۔
اس اہم موقع پر نیشنل بینک آف پاکستان کے ڈیجیٹل بینکنگ گروپ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈیجیٹل انوویشنز اینڈ سیٹلمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان کے درمیان ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کے موقع پر لی گئی یادگاری تصویر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈائریکٹر ڈیجیٹل انوویشنز اینڈ سیٹلمنٹ ڈیپارٹمنٹ محمد عماد الدین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد حسن میمن، نیشنل بینک آف پاکستان کے چیف ڈیجیٹل آفیسر / سینئر ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ عدنان ناصر، اور ڈویژنل ہیڈ ایکوائرنگ اینڈ پیمنٹس زوہیب علی خان شریک تھے۔
یہ منظوری اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور راست پیمنٹس پاکستان کی مسلسل رہنمائی اور تعاون کا مظہر ہے، جس کے ذریعے این بی پی کو اپنے ڈیجیٹل ایکوائرنگ نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے کا موقع حاصل ہوگا۔ اس پیش رفت کے بعد این بی پی راست P2M ایکوائرنگ سے تاجروں، صارفین، کاروباری اداروں اور سرکاری شعبے میں متعارف کروانے کے لیے میڈیا میں جامع آگاہی مہم کا آغاز بھی کرے گا۔
این بی پی ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے دائرہ کار کو بڑھانے، خصوصاً چھوٹے کاروباروں، کم سہولیات یافتہ طبقات اور ادارہ جاتی ادائیگیوں کے نظام میں جدید مالی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ بینک مستقبل میں بھی ریگولیٹرز، فن ٹیک شراکت داروں، کاروباری اداروں اور تاجر برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھتے ہوئے پاکستان کے کیش لیس معیشت کے وژن کو فروغ دیتا رہے گا۔

