تصادم کے نتیجے میں ایک بحری جہاز ناکارہ ہوگیا جبکہ دوسرے بجری جہاز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چینل کے قریب دو بحری جہازوں میں تصادم ہوا ہے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ دونوں بحری جہازوں کی ٹکر کا حادثہ نہایت سنگین نوعیت کا تھا۔ خوش قسمتی سے اس تصادم میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ مگر دونوں بحری جہازوں کو شدید نقصان ہوا۔ ہے۔
اس حوالے سے کراچی پورٹ ٹرسٹ حکام کی تیار کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تصادم کا شکار ہونے والا ایک بحری جہاز کنٹینر شپ ہے جبکہ دوسرا بحری جہاز زیر سمندر کیبل بچھانے کے لئے استعمال ہوتا ہے۔
کے پی ٹی حکام نے واقعے کی تحقیقات کے لئے پاکستان کے پانیوں سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اور ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے جس میں میرین مرکنٹائل ڈیپارٹمنٹ اور کے پی ٹی کے اہلکاروں کو شامل کیا گیا ہے۔ تحقیقات میں انشورنس کمپنیوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
کے پی ٹی حکام نے دونوں جہازوں کی تفصیل جاری کرتے ہوئے بتایا کہ تصادم کا شکار ہونے والا کنٹینرز بردار شپ متحدہ عرب امارات میں رجسٹر ہے جبکہ کیبل لائنگ شپ ایم وی نیوا لائبیریا میں رجسٹر ہے۔
زرائع کا کہنا ہے کہ بندرگاہ کے فئیر وے بوا کے قریب گزشتہ روز شام تقریباً 7:55 بجے دو جہازوں کے درمیان آمنے سامنے تصادم کا واقعہ پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق ایم وی پاپو برتھ 9+8 سے روانہ ہو رہا تھا کہ اس کی ٹکر کیبل بچھانے والے جہاز سی ایس نیوا سے ہو گئی۔ حادثے کے وقت سی ایس نیوا پائلٹ کے انتظار میں تھا اور آہستہ رفتار سے چینل کی جانب گامزن تھا۔
ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تصادم بہت شدید تھا جس کے نتیجے میں ایم وی نیوا ناکارہ ہوگیا۔ اور اسے ٹگ بوٹس سے کھینچ کر پورٹ پر لایا گیا ہے۔ اس آپریشن میں کے پی ٹی کے چار بڑے ٹگس نے تجربہ کار عملے کے ذریعے ریسکیو کیا۔ متاثرہ جہاز کی مرمت کراچی شپ یارڈ میں ہوسکتی ہے۔

