جمعہ, جون 5, 2026
ہومبزنسمئی 2026 کے دوران سیمنٹ کی فروخت میں 21 فیصد کمی

مئی 2026 کے دوران سیمنٹ کی فروخت میں 21 فیصد کمی

2 جون 2026: مئی 2026 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس ماہ مجموعی طور پر 3.837 ملین ٹن سیمنٹ فروخت ہوا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں یہ حجم 4.858 ملین ٹن تھا، جو 21.02 فیصد کمی کو ظاہر کرتا ہے۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (APCMA)کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مئی 2026 میں مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت 3.205 ملین ٹن رہی، جبکہ مئی 2025 میں یہ 3.869 ملین ٹن تھی، یوں مقامی فروخت میں 17.17 فیصد کمی واقع ہوئی۔ برآمدات میں بھی 36.06 فیصد کمی دیکھی گئی، جہاں حجم 989,434 ٹن سے کم ہو کر 632,648 ٹن رہ گیا۔

مئی 2026 کے دوران شمالی علاقوں کی سیمنٹ ملوں نے 2.657 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کیا، جو مئی 2025 کے 3.407 ملین ٹن کے مقابلے میں 22 فیصد کم ہے۔ جنوبی علاقوں کی ملوں کی فروخت 1.180 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے 1.452 ملین ٹن کے مقابلے میں 18.70 فیصد کم ہے۔

شمالی علاقوں کی ملوں نے مئی 2026 میں مقامی مارکیٹ میں 2.657 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کیا، جو گزشتہ سال کے 3.165 ملین ٹن کے مقابلے میں 16.05 فیصد کم ہے۔ جنوبی علاقوں کی ملوں کی مقامی فروخت 547,528 ٹن رہی، جو مئی 2025 کے 703,827 ٹن کے مقابلے میں 22.21 فیصد کم ہے۔

مئی 2026 کے دوران شمالی علاقوں سے سیمنٹ کی کوئی برآمد نہیں ہوئی، جبکہ جنوبی علاقوں کی برآمدات 15.41 فیصد کمی کے ساتھ 747,856 ٹن سے گھٹ کر 632,648 ٹن رہ گئیں۔

رواں مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ (جولائی 2025 تا مئی 2026) کے دوران مجموعی سیمنٹ فروخت (مقامی اور برآمدی) 46.26 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کی 43.46 ملین ٹن فروخت کے مقابلے میں 6.44 فیصد زیادہ ہے۔

اس عرصے میں مقامی فروخت 38.01 ملین ٹن رہی، جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ 35.11 ملین ٹن تھی، یوں 8.26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب برآمدات میں 1.21 فیصد کمی ہوئی اور برآمدی حجم 8.34 ملین ٹن سے کم ہو کر 8.24 ملین ٹن رہ گیا۔

شمالی علاقوں کی ملوں نے جولائی 2025 تا مئی 2026 کے دوران مقامی مارکیٹ میں 31.689 ملین ٹن سیمنٹ فروخت کیا، جو گزشتہ سال کے 28.943 ملین ٹن کے مقابلے میں 9.49 فیصد زیادہ ہے۔ تاہم شمالی علاقوں کی برآمدات 45.98 فیصد کمی کے ساتھ 1.476 ملین ٹن سے گھٹ کر 797,431 ٹن رہ گئیں۔ مجموعی طور پر شمالی علاقوں کی ملوں کی فروخت 6.80 فیصد اضافے کے ساتھ 32.487 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ 30.419 ملین ٹن تھی۔

جنوبی علاقوں کی ملوں کی مقامی فروخت جولائی 2025 تا مئی 2026 کے دوران 6.323 ملین ٹن رہی، جو گزشتہ سال کے 6.170 ملین ٹن کے مقابلے میں 2.47 فیصد زیادہ ہے۔ جنوبی علاقوں کی برآمدات 8.41 فیصد اضافے کے ساتھ 6.869 ملین ٹن سے بڑھ کر 7.447 ملین ٹن ہو گئیں۔ اس طرح جنوبی علاقوں کی مجموعی فروخت 5.60 فیصد اضافے کے ساتھ 13.770 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ 13.039 ملین ٹن تھی۔

ایسوسی ایشن کے ترجمان نے پاکستان کی جانب سے مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے مسلسل اور انتھک سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے بھی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مقامی صنعت کے فروغ اور درپیش رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے مثبت اور کاروبار دوست پالیسیوں کا اعلان کرے گی۔

مزید پڑھیں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

تازہ ترین