پاکستان ، 17 جولائی، 2026: اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کو یورومنی (Euromoney) کی جانب سے پاکستان کا بہترین مارگیج بینک قرار دیا گیا ہے۔ یہ اعزاز بینک کی ممتاز مارگیج فنانسنگ سہولتوں اور صارفین کو آسان، مؤثر اور ان کی ضروریات کے مطابق ہاؤسنگ فنانسنگ کا بہترین تجربہ فراہم کرنے کے عزم کا اعتراف ہے۔
یہ اعزاز، ویلتھ (Wealth) کے حوالے سے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کی جامع حکمتِ عملی کو مزید تقویت دیتا ہے، جس کا مقصد صارفین کو اُن کے مالی سفر کے ہر مرحلے پر دولت کی تشکیل، مؤثر انتظام اور تحفظ میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ گھر کی ملکیت طویل مدتی مالی تحفظ کے اہم ترین ستونوں میں سے ایک ہے، اور بینک اپنے صارفین کو اُن کی ضروریات کے مطابق تیار کردہ مارگیج سہولتوں کے ساتھ جامع مالی منصوبہ بندی اور مشاورتی خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔
یہ اعزاز ایسے وقت میں حاصل ہوا ہے جب عوام کی ذاتی رہائش تک رسائی میں اضافہ قومی ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستان میں گھر کی ملکیت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں حکومتِ پاکستان کا "وزیراعظم اپنا گھر پروگرام – گھر ہو تو اپنا” بھی شامل ہے۔ ایسے حالات میں ہاؤسنگ فنانس تک رسائی گھر کی ملکیت میں اضافے، معاشی ترقی کے فروغ اور طویل مدتی مالی استحکام کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
اسٹینڈرڈ چارٹرڈ نے مارگیج سہولت اس انداز میں تیار کی ہے کہ صارفین اعتماد کے ساتھ گھر کی ملکیت کے سفر کو طے کر سکیں۔ بینک مسابقتی فنانسنگ سولوشنز، ڈیجیٹل سہولت اور ابتدا سے اختتام تک جامع معاونت فراہم کرتا ہے۔ اپنی ”Future Focused Move“ پلیٹ فارم کے ذریعے بینک مقامی صارفین اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، دونوں کو اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مسلسل معاونت فراہم کر رہا ہے۔
اس اعزاز پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان میں ویلتھ اینڈ ریٹیل بینکنگ کی سربراہ، سعدیہ ریاض نے کہا، ”پاکستان میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو رہائش کی سہولت تک رسائی فراہم کرنا ایک اہم قومی ترجیح بنتا جا رہا ہے، اور ہم بھی اس عزم پر قائم ہیں کہ افراد اور خاندانوں کو اپنے گھر کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں معاونت فراہم کریں، جبکہ ان کی دیرپا مالی خوشحالی کو یقینی بنانے میں بھی ان کا ساتھ دیں۔“
سعدیہ ریاض نے مزید کہا کہ ”یورومنی کی جانب سے پاکستان کے بہترین مارگیج بینک کا اعزاز حاصل کرنا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ میں ہم اپنے گھر کے حصول کو محض ایک مالی سنگِ میل نہیں بلکہ طویل مدتی دولت کی تشکیل کی مضبوط ترین بنیادوں میں سے ایک سمجھتے ہیں۔ یہ اعزاز ہمارے صارفین کے اعتماد اور ہماری ٹیموں کی غیرمعمولی خدمات اور قابلِ اعتماد مالی مشاورت فراہم کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔“
پاکستان میں 160 سال سے زائد عرصے پر محیط موجودگی کے ساتھ، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ اپنے عالمی نیٹ ورک، مقامی مارکیٹ کی گہری سمجھ بوجھ اور منفرد بینکاری حل کے ذریعے اپنے صارفین کو نئے مواقع سے جوڑنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

