کراچی(13 جون 2026)یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) اور سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیرطفیل نے وفاقی بجٹ 2026-2027 کو معاشی استحکام کا ضامن قرار دیتے ہوئے بجٹ میں ٹیکس اصلاحات کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا ہے جبکہ برآمدی شعبوں میں تیزی لانے اور برآمدات سے متعلق ناقص پالیسیوں،،توانائی کے بحران کو دور کرنے کے اقدامات نہ ہونے پر تحفظات کا اظہاربھی کیا ہے۔ مرکزی ترجمان یوبی جی گلزارفیروز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق زبیرطفیل نے کہا کہ اپنا گھر ہاؤ سنگ اسکیم اور تعمیراتی شعبے کے لیے 71 ارب روپے رکھنا بہترین اقدام ہے اس سے ہاؤسنگ انڈسٹری میں تیزی آئے گی جبکہ ایکسپورٹ ری فنانسنگ کے لیے 88 ارب روپے مختص کرنا اور ترقیاتی فنڈ و اعلیٰ تعلیم کے لیے فنڈ میں اضافہ خوش آئند اقدامات ہیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ، صنعت کی توسیع، برآمدات میں اضافے، کاروباری لاگت میں کمی اور ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے مزید مضبوط اقدامات کرے۔ زبیرطفیل نے 18.7 کھرب روپے کے وفاقی بجٹ 2026-27 کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کی معاشی استحکام کی کوششوں کو سراہا؛ تاہم اس بات پر زور دیا کہ اب پائیدار معاشی اور صنعتی ترقی کی جانب مؤثر پیش رفت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی کی شرح نمو 3.7 فیصد تک بہتر ہوئی، مالی خسارہ کم ہو کر جی ڈی پی کا 0.7 فیصد رہ گیا، بنیادی سرپلس جی ڈی پی کا 3.7 فیصد حاصل ہوا اور عوامی قرضوں کی ادائیگی کی لاگت میں 33 فیصد کمی آئی ہے۔انہوں نے زرمبادلہ کے ذخائر کے 30 جون تک 18 ارب ڈالر تک پہنچنے اور فی کس آمدنی کے 1,901 ڈالر تک بڑھنے کی توقع کو معاشی استحکام اور مالی نظم و ضبط کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ زبیررطفیل نے کہا کہ ریٹیلرزکو فکسڈ ٹیکس میں لانے سے ایف بی آر کو ریونیو ضرور ملے گا مگر اس پر عملاً اقدامات کی ضرورت ہے،ریٹیلرز پہلے ہی ٹیکس نیٹ میں نہیں آ رہے اب ان پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح بڑھانے سے مسائل پیدا ہونگے، زرعی شعبے کیلئے کی بہتری کے لیے حکومت کو اہم اور موثر اقدامات کرنے کی ضرورت تھی، 50 کروڑ روپے تک آمدنی پر سپر ٹیکس کا خاتمہ اور اس سے زائد پر شرح 10 فیصد سے کم کر کے 8 فیصد کرنے کا اقدام بہترین ہے جبکہ ڈیبٹ و کریڈٹ کارڈ سے بیرونی ادائیگیوں پر ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی، فائلرز کے لیے پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹیکس کی شرح میں کمی اور بین الاقوامی بزنس کلاس سفر پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کا اقدام بھی بہتر فیصلہ ہے۔صدر یو بی جی نے کہا کہ پانی کے کے۔فور منصوبے پر 10 ارب روپے رکھے گئے ہیں، جس سے یہ منصوبہ مزید تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے،اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ شہر قائد میں پانی کی قلت کا خاتمہ ہو۔

