اسلام آباد، کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے سی وی سی فنڈ نائن کے زیرِ ملکیت اور مالی معاونت سے قائم چار سرمایہ کاری کمپنیوں کو ڈی ایس ایم فرمنش کے اینیمل نیوٹریشن اینڈ ہیلتھ کاروبار میں کنٹرولنگ حصص کے حصول کی منظوری دے دی ہے۔ منظوری پہلے مرحلے کے تفصیلی مسابقتی جائزے کے بعد دی گئی۔
ڈی ایس ایم کا اینیمل نیوٹریشن اینڈ ہیلتھ کاروبار پاکستان میں ڈی ایس ایم فرمنش پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ذریعے کام کرتا ہے۔ اسی بنا پر مجوزہ سودے کا کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت جائزہ لیا گیا تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ آیا اس سے کسی غالب حیثیت کے پیدا ہونے یا مضبوط ہونے سمیت کمپٹیشن سے متعلق کوئی خدشات پیدا ہو سکتے ہیں۔
معاہدے کے تحت نیدرلینڈز کی کمپنی ڈی ایس ایم بی وی اپنے اینیمل نیوٹریشن اینڈ ہیلتھ کاروبار کو دو علیحدہ اداروں میں تقسیم کرے گی۔ ڈی ایس ایم فرمنش گروپ ان اداروں میں غیر کنٹرولنگ حصص برقرار رکھے گا جبکہ سی وی سی فنڈ نائن سے منسلک خریدار کمپنیاں کنٹرولنگ حصص اور متعلقہ ووٹنگ حقوق حاصل کریں گی۔
کمیشن کے جائزے میں سامنے آیا کہ خریدار کمپنیاں، سی وی سی فنڈ نائن اور ان کے زیرِ کنٹرول پورٹ فولیو کاروبار پاکستان میں ان متعلقہ منڈیوں میں سرگرم نہیں جہاں ڈی ایس ایم کا کاروبار موجود ہے۔ اس لیے اس سودے سے پاکستان میں مارکیٹ شیئر یا مارکیٹ کے ارتکاز میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا اور نہ ہی کمپٹیشن میں نمایاں کمی کا خدشہ ہے۔
کمیشن نے تفصیلی جائزے کے بعد مجوزہ سودے کی کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت منظوری دے دی۔
سی سی پی سرمایہ کاری اور کاروباری ترقی کی حوصلہ افزائی کے ساتھ پاکستان میں مسابقتی اور سرمایہ کار دوست کاروباری ماحول کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

