مسابقتی کمیشن نے میپل لیف سیمنٹ کو فیصل بینک کے مذید حصص حاصل کرنے کی منظوری دیدی۔
اسلام آباد، 12 مارچ 2026: کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت جائزہ لینے کے بعد میپل لیف سیمنٹ فیکٹری لمیٹڈ کی جانب سے فیصل بینک لمیٹڈ کے حصص کے حصول کی منظوری دے دی ہے۔ یہ حصص پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں اوپن مارکیٹ کے ذریعے سال 2025 کے دوران مختلف مراحل میں خریدے گئے، جو میپل لیف سیمنٹ کی بینکاری شعبے میں سرمایہ کاری کا حصہ ہیں۔
ایک معاملے میں حصص کی خریداری کمیشن کی پیشگی منظوری سے قبل مکمل کی گئی تھی جس پر سی سی پی نے جائزہ لینے کے بعد ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دے دی، تاہم خریدار کو آئندہ مرجر کنٹرول قوانین کے تحت پیشگی منظوری کے تقاضوں پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
کمیشن نے ایک اور درخواست منظور کرتے ہوئے میپل لیف سیمنٹ کی جانب سے فیصل بینک کے مزید حصص کے مجوزہ حصول کی بھی منظوری دے دی جس سے کمپنی کی مجموعی حصص داری میں اضافہ ہوگا۔
سی سی پی نے دونوں معاملات کا فیز ون مسابقتی جائزہ کرتے ہوئے قرار دیا کہ میپل لیف سیمنٹ سیمنٹ سازی جبکہ فیصل بینک بینکاری کے شعبے میں کام کرتا ہے، اس لیے دونوں کمپنیوں کے کاروبار میں کوئی مسابقتی اوورلیپ موجود نہیں۔ چنانچہ کمیشن نے کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت دونوں لین دین کی منظوری دے دی۔

