ہفتہ, ستمبر 5, 2026
ہوماسٹاکاسٹاک مارکیٹ میں شریعہ کمپلائنٹ بروکریج سیگمنٹ قائم، 33اسلامی ونڈوز کی منظوری: ایس...

اسٹاک مارکیٹ میں شریعہ کمپلائنٹ بروکریج سیگمنٹ قائم، 33اسلامی ونڈوز کی منظوری: ایس ای سی پی

اسلام آباد، 12 اگست:  سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے شریعہ کمپلائنٹ بروکریج کا باقاعدہ سیگمنٹ قائم کر دیا ہے، جس کے تحت 33 بروکریج ہاؤسز شریعہ کمپلائنٹ ونڈوز کے ذریعے خدمات فراہم کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ان 33 بروکریج ہاؤسز کا پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مجموعی تجارتی حجم میں حصہ تقریباً 52 فیصد ہے۔ اسلامی بروکریج ونڈوز کے ذریعے سرمایہ کار اب براہِ راست شریعہ کمپلائنٹ شیئرز، صکوک اور اسلامی ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs) میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

اسلامی بروکریج سروسز کے ریگولیٹری فریم ورک کے تحت شریعہ گورننس کے واضح تقاضے مقرر کیے گئے ہیں۔ سرمایہ کاروں کے فنڈز اسلامی بینکاری چینلز کے ذریعے رکھے جائیں گے جبکہ ٹریڈنگ صرف شریعہ کے مطابق منظور شدہ سیکیورٹیز تک محدود ہوگی۔ اسلامی بروکرز اور ونڈوز سودی فنانسنگ یا غیر شریعہ کمپلائنٹ لیوریجڈ اور قیاس آرائی پر مبنی لین دین نہیں کر سکیں گے۔

اس اقدام سے ربا سے پاک سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد کے لیے کیپٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع نمایاں طور پر وسیع ہوں گے۔ پی ایس ایکس میں لسٹڈ سیکیورٹیز کا ایک بڑا حصہ پہلے ہی شریعہ کمپلائنٹ ہے، جس سے سرمایہ کاروں کو اسلامی اصولوں کے مطابق سرمایہ کاری کے وسیع مواقع دستیاب ہیں۔

ایس ای سی پی نے سیکیورٹیز بروکرز (لائسنسنگ اینڈ آپریشنز) ریگولیشنز، 2016 میں ترامیم کے ذریعے یہ فریم ورک متعارف کرایا تھا، جس کے تحت بروکریج ہاؤسز اسلامی ونڈوز، علیحدہ ذیلی کمپنیوں یا مکمل طور پر شریعہ کمپلائنٹ بروکریج میں تبدیلی کے ذریعے اسلامی مالیاتی خدمات فراہم کر سکتے ہیں۔ فریم ورک میں مناسب شریعہ نگرانی کے ساتھ پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی اور نیشنل کلئیرنگ کمپنی کے متعلقہ تقاضوں کی پابندی بھی لازم ہے۔

اس وقت  535 لسٹڈ سیکیورٹیز میں سے 308 شریعہ کمپلائنٹ ہیں، جو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن کا تقریباً 65 فیصد بنتی ہیں۔ یہ اعداد و شمار ربا سے پاک سرمایہ کاری کی بڑھتی ہوئی طلب اور امکانات کی عکاسی کرتے ہیں۔

چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا کہنا ہے کہ شریعہ کمپلائنٹ بروکریج سروسز کا فروغ حکومت کے ربا سے پاک معیشت کے ہدف کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ سرمایہ کاروں کو شفاف اور قابلِ اعتماد شریعہ کمپلائنٹ سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرکے ہم کیپٹل مارکیٹ کو وسعت دینا اور اسلامی مالیاتی نظام کی جانب منتقلی کے عمل کو تیز اہم ترجیح ہے۔

مزید پڑھیں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

تازہ ترین