کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے سُوول انوویشنز لمیٹڈ کی جانب سے کراوے ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ میں اکثریتی شیئر ہولڈنگ کے حصول کی منظوری دے دی ہے۔
سُوول انوویشنز لمیٹڈ، جو عالمی اِن ڈرائیو گروپ کا حصہ ہے، نے یہ شیئرز متعدد شیئر ہولڈرز کے ساتھ کیے گئے کال آپشن معاہدوں کے تحت حاصل کیے۔ یہ لین دین کمیشن کی پیشگی منظوری سے قبل مکمل کیا گیا تھا، جس کا جائزہ سی سی پی نے ایکس پوسٹ فیکٹو مرجر اتھارائزیشن کے تحت لیا۔
کراوے ٹیکنالوجیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ پاکستان میں کراوے مارٹ کے نام سے آن لائن گروسری اور ضروری اشیاء کی ڈیلیوری پلیٹ فارم چلاتی ہے، جو اس وقت کراچی میں ای کامرس ڈیلیوری سروس فراہم کر رہی ہے۔
سی سی پی نے اس ٹرانسکشن کے مسابقت پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیتے ہوئے قرار دیا کہ خریدار موبیلیٹی اور لاجسٹکس خدمات فراہم کرتا ہے جبکہ ہدف کمپنی آن لائن گروسری ای کامرس کے شعبے میں سرگرم ہے، اس لیے دونوں کمپنیوں کے کاروبار مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
کمیشن کے مطابق یہ ٹرانسکشن متعلقہ مارکیٹ میں مسابقت کو متاثر نہیں کرے گا اور نہ ہی کسی غالب حیثیت کے قیام کا باعث بنے گا۔ سی سی پی نے فریقین کو ہدایت کی کہ آئندہ کسی بھی قابلِ اطلاع مرجر یا حصول سے قبل کمیشن سے پیشگی منظوری حاصل کی جائے۔

