ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی بین القوامی تنظیم کی جانب سے پاکستان کے ایئر ٹریفک کنٹرول کی خدمات کا اعتراف
کراچی: پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کو بین الاقوامی ائیر ٹریفک کنٹرولرز فیڈریشن (آئی ایف اے ٹی سی اے) نے ایک مکتوب تحریر کیا ہے جس میں پاکستان کے ائیر ٹریفک کنٹرولرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ خطے میں کشیدہ صورتحال میں فضائی آمد رفت کے لئے پاکستان کی فضائی حدود کا استعمال بڑھا تھا۔ جس سے پاکستان کے ایئر ٹریفک کنٹرول پر کام کا دباو بہت زیادہ بڑھ گیا تھا۔ مگر اس دوران پاکستان کے ایئر ٹریفک کنٹرول پر معمور اہلکاروں نے نہایت پیشہ ورانہ طریقے سے اس دباو کے ماحول میں کام کیا۔ اور بغیر کسی حادثے کے جنگی ماحول میں کمرشل طیاروں کو محفوظ اور آسان فضائی راہداری فراہم کی ہے۔
پاکستانی ائیر ٹریفک کنٹرولرز نے غیر شیڈولڈ فضائی ٹریفک کو مؤثر انداز میں سنبھالا ہے۔ اور مشکل حالات میں بھی سیفٹی اور ایفیشنسی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا گیا۔ پاکستانی ائیر ٹریفک کنٹرولرز نے دباؤ اور طویل ڈیوٹی کے باوجود ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں ہیں۔ خط میں متعلقہ پاکستانی وزارتِ کے تعاون کو بھی ائیر ٹریفک کنٹرولرز کی عالمی فیڈریشن کی جانب سے سراہا گیا۔


