کراچی، 8 مئی 2026: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے ضلع سانگھڑ، سندھ میں واقع اپنے آپریٹڈ گمبٹ ساؤتھ بلاک کے فیض X-1 ڈیپ (بیزل سینڈ) کنوئیں سے کامیابی کے ساتھ پیداوار شروع کر دی ہے۔ فیض X-1 ڈیپ سے پیداوار کا آغاز 25 فروری 2026 کو ہوا جس میں مرحلہ وار اضافہ کیا گیا، جس کے بعد آپریشنل پیرامیٹرز کی بہتری اور آپٹیمائزیشن کے نتیجے میں موجودہ پیداواریومیہ تقریباً 3.6 ایم ایم ایس سی ایف گیس اور 750 بیرل کنڈنسیٹ تک پہنچ گئی ہے۔
2014میں کھودے گئے فیض X-1دریافت شدہ کنوئیں کو قریبی پائپ لائن انفراسٹرکچر کی عدم دستیابی کے باعث اس سے پیداوار کا حصول ممکن نہ تھا، جس کے سبب یہ منصوبہ معاشی طور پر قابلِ عمل نہیں تھا۔ بعد ازاں پائپ لائن کی تنصیب اور تکنیکی و معاشی جائزے کے بعد بیزل سینڈ انٹرویل کو تجارتی لحاظ سے قابلِ عمل قرار دیا گیا، جس کے تحت سطحی سہولیات کی تنصیب اور تقریباً 4.5 کلومیٹر طویل فیڈر لائن کی تعمیر کے ذریعے کنوئیں کی پیداوار کو گمبٹ ساؤتھ گیس پراسیسنگ سہولیات سے منسلک کیا گیا۔
کنڈنسیٹ کی فراہمی میں اضافہ اس امر کا مظہر ہے کہ پی پی ایل دریافت شدہ ذخائر کو کم لاگت اور مؤثر انداز میں قابلِ استعمال بنا کر ملکی توانائی ضروریات پوری کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔



