ہفتہ, جولائی 11, 2026
ہومبحری اموربندرگاہی شعبے میں اصلاحات اور سہولتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح...

بندرگاہی شعبے میں اصلاحات اور سہولتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جنید انوار چوہدری

اسلام آباد (8 مئی 2026) — وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے موجودہ سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا نئی سرمایہ کاری کے حصول کی مؤثر اور کلیدی حکمت عملی ہے۔
یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں معروف ٹرمینل آپریٹرز کے چھ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس کی قیادت ایف اے پی ٹرمینل کے سی ای او اقان علی خان کر رہے تھے۔ وزیر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کے کاروبار کے استحکام اور ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
ملاقات میں وفد نے مطالبہ کیا کہ ٹیکس نظام کو سادہ بنا کر سنگل ڈیجٹ سطح پر لایا جائے اور بندرگاہی خدمات کو ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے کی طرز پر باقاعدہ صنعت کا درجہ دیا جائے تاکہ سرمایہ کاری اور ریگولیٹری ماحول کو مزید سازگار بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے پالیسی کے تسلسل اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحری شعبے کی مضبوطی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کاروباری مسائل کے حل اور بندرگاہوں پر کاروباری سرگرمیوں میں آسانی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر گی۔
انہوں نے مستقبل کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے “انرجی سٹی” کے قیام کا حوالہ دیا، جس میں مختلف اقسام کی توانائی کے لیے بانڈڈ اسٹوریج سہولیات شامل ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے لیے مختلف ممکنہ مقامات کا انتخاب فزیبلٹی اور موزونیت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
وزیر بحری امور نے ٹرمینل آپریٹرز کو ترغیب دی کہ وہ کنسورشیم تشکیل دے کر انرجی سٹی منصوبے میں سرمایہ کاری کریں اور پورٹ قاسم پر ملٹی پرپز ٹرمینل کے قیام اور ترقی میں بھی کردار ادا کریں۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ حال ہی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے احاطے سے دہائیوں پرانے، بعض 50 سال پرانے کنٹینرز اور پیلیٹس کو ہٹا دیا گیا ہے، جس سے بندرگاہ پر رش میں کمی اور کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے اسے پورٹ آپریشنز کو مؤثر بنانے اور کارگو ہینڈلنگ کو بہتر کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ قرار دیا۔
ملاقات کے اختتام پر وزارت اور نجی شعبے کے درمیان قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ بحری شعبے کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے اور بلیو اکانومی کے اقدامات کو تیز کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

تازہ ترین