بدھ, جون 17, 2026
ہوماسٹاکڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا کپیٹل مارکِیٹ میں جامع اصلاحاتی ایجنڈے کا...

ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا کپیٹل مارکِیٹ میں جامع اصلاحاتی ایجنڈے کا اعلان

کراچی، 16 جون: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے پاکستان کی کپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد کو پچیس لاکھ تک بڑھانے ، مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیے نئی پراڈکٹ کے اجراء، نوجعانوں میں مالیاتی خواندگی کے فروغ اور پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس کی ترقی کے لیے ایک جامع اصلاحاتی ایجنڈے کا اعلان کیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے پہلے دورے کے موقع پر گونگ بجا کر کاروبار کے آغاز کرنے کے بعد ، اپنے خطاب میں ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ ایس ای سی پی کا ہدف سرمایہ کاروں کی تعداد کو مرحلہ وار بڑھا کر 25 لاکھ تک لے جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص نوجوانوں کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنا، بچت کے رجحان کو فروغ دینا اور کاروبار کے لیے سرمائے کی مارکیٹ میں عوامی شمولیت بڑھانا کسی بھِ ملک کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا، ’’مالیاتی خواندگی کیپیٹل مارکیٹس میں عوامی شرکت بڑھانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ ہم نوجوان پاکستانیوں کو سرمایہ کاری اور سرمائے کے حصول کے مواقع فراہم کرنے کے لیے آسان اور قابلِ رسائی تعلیمی پروگرام متعارف کرا رہے ہیں۔‘‘
چیئرمین ایس ای سی پی نے بتایا کہ کمیشن کا اصلاحاتی ایجنڈا افراد، نظام اور ٹیکنالوجی کے تین بنیادی ستونوں پر مبنی ہے۔ اس سلسلے میں انسٹیٹیوٹ آف فنانشل مارکیٹس آف پاکستان (IFMP) کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، مختصر آن لائن مالیاتی تربیتی کورسز متعارف کرائے جائیں گے، ملک بھر میں نوجوانوں کے لیے آگاہی پروگرام چلائے جائیں گے ۔ انہون نے کہا کہ سب سے پہلے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی آن بورڈنگ کو مزید آسان بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے انشورنس شعبے میں جاری اصلاحات کا بھی ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انشورنس کا نیا قانون کا مسودہ پالیمنٹ و بھجوا دیا گیا ہے ۔ نیا قانون اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، کمپٹیشن بڑھانے اور انشورنس کی شمولیت میں اضافے میں معاون ہو گا۔

اس موقع پر پی ایس ایکس کے منیجنگ ڈائریکٹر فرخ ایچ سبزواری نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 20 کھرب روپے تک پہنچ چکی ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران 11 آئی پی اوز کامیابی سے مکمل ہوئے، جو گزشتہ 25 برسوں میں تیسری بلند ترین تعداد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایکس میں منفرد سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھ کر 5 لاکھ 63 ہزار ہو گئی ہے جبکہ نوجوان سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی شرکت مارکیٹ کے روشن مستقبل کی عکاس ہے۔

ایس ای سی پی کے کمشنر علی فرید خواجہ نے کہا کہ پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ نے مقامی اور عالمی معاشی چیلنجز کے باوجود غیر معمولی استحکام کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام، ریگولیٹری اصلاحات اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد نے مارکیٹ کی حالیہ کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اصلاحات کے تسلسل، سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافے اور مارکیٹ انفراسٹرکچر کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے سے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس ترقی کے نئے مرحلے میں داخل ہوں گی۔

تقریب کے بعد ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس کی مستقبل کی ترقی سے متعلق اہم اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے چینی اور سعودی مارکیٹس سے منسلک ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ETFs)، جی ای ایم بورڈ پر نئی کمپنیوں کی فہرست سازی، ڈیریویٹیوز مصنوعات کے فروغ اور مارکیٹ نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس میں پی ایس ایکس، سی ڈی سی اور این سی سی پی ایل کی آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے، ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے، انسانی وسائل کی استعداد بڑھانے اور اوورسیز پاکستانیوں و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی سرمایہ مارکیٹ کی جانب راغب کرنے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے بورڈ کو تمام اقدامات کی تکمیل اور پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس کی مزید ترقی کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

مزید پڑھیں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

تازہ ترین