کراچی، 17 جون: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا ہے کہ فنانشل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری کو آسان، محفوظ اور ہر پاکستانی کی دسترس میں لایا جائے گا تاکہ عام شہری بھی ملک کی معاشی ترقی اور دولت کی تخلیق میں شریک ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ اور سرمایہ کاری کی سہولیات کو براہِ راست سرمایہ کاروں، خصوصاً نوجوانوں، کے موبائل فون تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ اس سے نہ صرف سرمایہ کاری کا عمل آسان ہوگا بلکہ سرمایہ کاروں کا تحفظ مزید مضبوط ہوگا اور مارکیٹ پر ان کا اعتماد بھی بڑھے گا۔ ڈاکٹر سدھو نے کہا کہ پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد 25 لاکھ تک بڑھانے کا ہدف قابلِ حصول ہے اور ایس ای سی پی اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے۔
ڈاکٹر کبیر احمد سدھو سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (سی ڈی سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور سینئر انتظامیہ کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ اجلاس میں سی ڈی سی کی آپریشنل کارکردگی، تکنیکی انفراسٹرکچر، سائبر سیکیورٹی فریم ورک، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اقدامات اور پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کے انفرا اسٹکچر کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس ای سی پی کے کمشنر سکیورٹیز مارکیٹ علی فرید خواجہ اور ایگزیکتو ڈاءریکٹر عمران عنایت بٹ اور ڈاءریکٹر محمد شمعون اور دیگر عہدیدران شریک تھے۔
سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی کی انتظامیہ نے چیئرمین ایس ای سی پی کو ادارے کے انفرمیشن ٹیکنالوجی کے سسٹم ، ڈیٹا سینٹرز، مؤثر سائبر سیکیورٹی انتظامات اور چوبیس گھنٹے فعال کاروباری تسلسل پر بریفنگ دی۔
بورڈ نے چیئرمین ایس ای سی پی کو ان کی ہدایت پر استاک مارکیٹ میں ڈیجیٹل ان بورڈنگ کے لیے شروع کی گئی "آسان کنیکٹ موبائل ایپ” پر بھی اپ ڈیٹ دی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لیےط نوجوان نسل کو جدید اور سہل ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے تیار کی جانے والی یہ موبائل ایپ جولائی میں متعارف کروا دی جائے گی۔
اجلاس میں ڈیپازٹری کمپنی کی اسٹریٹجک ری اسٹرکچرنگ کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ ان تجاویز میں کمپنی کے بنیادی ڈپازٹری کے کام کو دیگر کاروباری سرگرمیوں، مثلاً ٹرسٹی سروسز، سے علیحدہ کرنا شامل ہے۔ اس اقدام کا مقصد گورننس کو مزید بہتر بنانا اور کمپنی کی دیگر سروسز کی ممکنہ طور پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ کی راہ ہموار کرنا ہے، جبکہ مرکزی ڈپازٹری سروسز کو مزید مستحکم اور جدید بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کے فروغ میں سینٹرل ڈیپازٹری کی اہمیت ، ادارے کی جدید تکنیکی صلاحیتوں، مضبوط گورننس اور ایس ای سی پی کے ساتھ مؤثر تعاون کو سراہا۔ انہوں نے تکنیکی جدت، ڈیجیٹل تبدیلی اور سرمایہ کاری کو مزید آسان، محفوظ اور عام پاکستانیوں کے لیے قابلِ رسائی بنانے کے لیے ایس ای سی پی کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، بدرالدین اکبر نے وفد کو ادارے کے جاری ٹیکنالوجی کے منصوبوں پر بریفنگ دی، جن کا مقصد مارکیٹ تک رسائی کو بہتر بنانا، سرمایہ کاروں کے تحفظ کو مضبوط کرنا اور سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان بنانا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس کی ترقی اور جدیدکاری کے لیے ایس ای سی پی کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

