اسلام آباد، 10 اگست: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کمپنیوں کے لیے صکوک کے اجراء کو آسان، تیز اور کم لاگت بنانے کے لیے "اے پریکٹیکل گائیڈ اینڈ ٹول کٹ فار کارپوریٹ ایشوورز" جاری کر دی ہے۔ گائیڈ میں صکوک کے معیاری اسٹرکچرز اور ضروری دستاویزات فراہم کی گئی ہیں تاکہ کمپنیوں کو صکوک کے اجراء میں آسانی ہو۔
یہ اقدام وزارت خزانہ کی ہدایات کے مطابق پاکستان کی کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کو فروغ دینے اور کمپنیوں کے لیے کیپٹل مارکیٹ سے شریعہ کمپلائنٹ فنانسنگ کے حصول کے مواقع بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران 72 صکوک کے اجراء کے ذریعے تقریباً 307 ارب روپے کا سرمایہ حاصل کیا گیا جو پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں اسلامی فنانسنگ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
نئی گائیڈ بک میں صکوک جاری کرنے کا مکمل طریقہ کار آسان اور مرحلہ وار انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ اس میں ریگولیٹری تقاضے، معیاری صکوک اسٹرکچرز، ٹرانزیکشن فلو، نمونہ درخواستیں اور قانونی دستاویزات شامل ہیں۔ اس سے صکوک کے اجراء میں قانونی اور دیگر پیچیدگیوں، اخراجات اور درکار وقت میں کمی آئے گی، بالخصوص ان کمپنیوں کے لیے جو پہلی مرتبہ صکوک جاری کرنا چاہتی ہیں۔
گائیڈ بک ایس ای سی پی کے ریگولیٹری تجربے اور شریعہ ایڈوائزری کمیٹی، صنعت کے ماہرین، قانونی ماہرین اور مارکیٹ کے دیگر شراکت داروں سے مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے۔ یہ اقدام کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ سروے کی اس اہم سفارش پر بھی عمل درآمد ہے جس میں صکوک کے معیاری اسٹرکچرز اور عملی دستاویزات کی ضرورت کی نشاندہی کی گئی تھی۔
ایس ای سی پی کو توقع ہے کہ اس اقدام سے مزید کمپنیوں کو شریعہ کمپلائنٹ ذرائع سے سرمایہ حاصل کرنے میں سہولت ملے گی اور پاکستان کی کارپوریٹ ڈیٹ اور اسلامی کیپٹل مارکیٹس کو فروغ حاصل ہوگا۔

