سلیکٹ ٹیکنالوجیز نے پی ایس ایکس میں 2.5 ارب روپے مالیت کے حصص کی اولین عوام فروخت کا اعلان کردیا
اس رقم کا استعمال کمپنی کی ٹی وی پروڈکشن لائن کی توسیع دے گی۔
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ایک اور کمپنی نے اپنے حصص کی اولین عوامی فروخت کا اعلان کردیا ہے۔ سلیکٹ ٹیکنالوجیز لمیٹڈ جو کہ ایئرلنک کمیونیکشن کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی ہے۔ حصص کی اولین عوامی فروخت(آئی پی او) کے ذریعے 2.489 ارب روپے اکٹھے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی اس رقم کے زریعے پاکستان میں اسمارٹ ڈیوائسز اور کنزیومر اپلائنسز کی مقامی تیاری کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
کمپنی کے اعلامیئے کے مطابق سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن اور پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے حصص کی اولین عوامی فروخت کے لئے سلیکٹ ٹیکنالوجیز کو منظوری دیدی ہے۔ کمپنی اسٹاک ایکس چینج میں بک بلڈنگ طریقہ کار کے تحت اپنے 10 فیصد حصص یعنی 8 کروڑ 88 لاکھ سے زائد حصص کا اندراج کرائے گی۔
ریگولیٹر سے منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق کل حصص پیشکش کی کم از کم قیمت 28 روپے رکھی گئی ہے۔ بک بلڈنگ کے دوران حصص کی زیادہ سے زیادہ قیمت میں 50 فیصد اضافے کی اجازت دی گئی ہے اس طرح 42 روپے سے زائد قیمت پر حصص کی فروخت نہیں ہوسکے گی۔ اور ان حصص کے اجرا کا 75 فیصد، یعنی6 کروڑ 66 لاکھ سے زائد حصص کو بک بلڈنگ کے ذریعے فروخت کیا جائے گا۔ بک بلڈنگ کے دوران طے پانی والی قیمت پر بچ جانے والے 25 فیصد حصص یعنی 2 کروڑ 22 لاکھ حصص چھوٹے سرمایہ کاروں کو فروخت کیئے جائیں گے۔
سلیکٹ ٹیکنالوجیز کے حصص کی خریداری میں حصہ لینے والوں کی رجسٹریشن 17 سے 23 جون تک جاری رہے گی۔ جبکہ عوامی فروخت 2 اور 3 جولائی کو کی جائے گی۔
آئی پی او سے حاصل ہونے والے فنڈز سے لاہور کے سندر گرین اسپیشل اکنامک زون میں ایک جدید پیداواری یونٹ قائم کیا جائے گا۔ جہاں ایئر کنڈیشنرز کی تیاری اور اسمبلنگ کی جائے گی۔
اس کے علاوہ، یہ رقم کمپنی کی ٹی وی پروڈکشن لائن کی توسیع، اسمارٹ فون پلانٹ اور مشینری میں سرمایہ کاری، اور ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھی استعمال کرے گی۔
سلیکٹ کمپنی پاکستان میں عالمی سطح پر معروف برانڈز جیسے Xiaomi اور Hisense کے لیے اسمارٹ فونز، اسمارٹ ٹی ویز، ایئر کنڈیشنرز اور دیگر کنزیومر مصنوعات تیار اور اسمبل کرتی ہے۔
توسیع کے بعد، سلیکٹ کی مجموعی سالانہ پیداواری صلاحیت 70 لاکھ اسمارٹ فونز، 3 لاکھ 60 ہزار ٹی ویز، اور 4 لاکھ ایئر کنڈیشنرز تک پہنچنے کی توقع ہے۔ سندر گرین ایس ای زیڈ کی سہولت کو 2035 تک انکم ٹیکس میں چھوٹ جیسے اسٹریٹیجک فوائد بھی حاصل ہوں گے، جس سے منافع میں بہتری اور طویل مدتی شیئر ہولڈر ویلیو میں اضافہ متوقع ہے۔
اس حوالے سے مذید تفصیلات اس لنک پر دستیاب ہیں۔ https://selecttechnologies.pk/wp-content/uploads/2026/05/Select-Technologies-IPO-Prospectus.pdf

