جب تک مطالبات پورے نہیں ہوجاتے، کاروبار نہیں کھولیں گے،ملک خدا بخش،طارق حسن،انورکمال
کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے)نے وزیرپیٹرولیم کی جانب سے مسائل حل کرنے کے وعدے پورے نہ کرنے پر حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔چیئرمین پی پی ڈی اے ملک خدا بخش نے وائس چیئرمین طارق حسن، انورکمال اورملک شیر خان،صدر سندھ ریجن حاجی امیر خان،صدر کراچی سعید خان اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مطالبات نہیں مانے تو پیٹرول پمپس ڈیلرز کاروبار جاری نہیں رکھ سکیں گے۔
ملک خدا بخش نے کہا کہ ملک بھر کے ڈیلرز کے اجلاس کے بعد مشترکہ طور سے پیٹرول پر مارجن 8 فیصد ڈیمانڈ کیا ہے،ڈیلرز کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور ہمارے 14 ہزار سے زائدممبرز کا ہم پر دباؤ ہے کہ اگر حکومت 72گھنٹے میں ہمارے مطالبات پورے نہ کئے تو ہفتہ 15 اگست صبح 6 بجے سے غیر معینہ مدت تک کاروبار بند کردیں گے اور اس وقت تک کاروبار نہیں کھولیں گے جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوجاتے۔
چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ پی پی ڈی اے کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اجلاس کے دوران حال ہی میں متعارف کرائے گئے ” 24 گھنٹے فیول پرائس چینج میکانزم” پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور اسے غیر عملی اور پٹرول پمپس کے معمول کے کاروباری آپریشنز کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ اراکین کا متفقہ مؤقف تھا کہ موجودہ نظام پٹرولیم ڈیلرز کے لیے انتظامی مشکلات اور مالی غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہا ہے۔
ملک خدا بخش نے ایک بار پھر مطالبہ دہرایا کہ”ڈیلرز کا کمیشن ریٹیل فروخت کی قیمت کا کم از کم 8 فیصد مقرر کیا جائے” کیونکہ جودہ کمیشن بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی و گیس کے اخراجات، ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر آپریشنل اخراجات کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہے۔قبل ازیں پی پی ڈی اے کے ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں "کمپنی الاٹمنٹ پالیسی "پر بھی شدید تنقید کی گئی اور اسے امتیازی اور ڈیلرز کے کاروباری مفادات کے خلاف قرار دیا گیا۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ اس پالیسی کا فوری جائزہ لیا جائے اور اسے شفاف اور منصفانہ بنایا جائے۔ ملک خدا بخش نے کہا کہ ہم حکومت کو اپنے مسائل کے حل کے لیے حتمی 72 گھنٹے کی مہلت دے رہے ہیں، اگر اس مدت کے اندر ہمارے جائز مطالبات حل نہ کیے گئے تو ہمارے پاس ملک بھر میں فیول اسٹیشنز بند کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہوگا۔ تاہم پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت، اوگرا، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ تعمیری مذاکرات کے عزم کا اعادہ کیا۔ تاہم ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ پٹرولیم ڈیلرز کے حقوق کے تحفظ اور ملک بھر میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

