پاکستان کے پاس قرض کے حصول کے لئے مغربی مارکیٹ کے ساتھ ساتھ چین کی مارکیٹس بھی دستیاب ہیں۔
کراچی: وزارت خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کا نے پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ چین کی کیپٹل مارکیٹ میں کامیابی سے اجرا پر کہا ہےکہ دنیا کی دوسری بڑی اورمضبوط ترین سرمایہ مارکیٹ میں پاکستان کی پہلی باضابطہ رسائی ہوئی ہے۔ پاکستان نے چین کرنسی آر ایم بی میں 1.75 ارب جوکہ 25 کروڑ امریکی ڈالر کے مساوی ہے پانڈا بانڈ فروخت کیئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے پانڈا بانڈ کے اجراء پر چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست رجحان دیکھنے میں آیا۔ پاکستان کی جانب سے نیلامی پر چینی سرمایہ کاروں نے 8.8 ارب آر ایم بی یعنی 1 ارب 26 کروڑ ڈالر مالیت کے پانڈا بانڈا خریدنے کے لئے بولی دی۔ جوکہ پاکستان کی طلب سے پانچ گنا زائد بولی ہے۔ اس طرح پاکستان کے چینی پانڈا بانڈ مارکیٹ میں پہلی نیلامی اوور سبسکرائب رہی۔ خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ اس پر انتہائی مسابقتی 2.5 فیصد کوپن ریٹ ملا ہے۔
خرم شہزاد کا مذید کہنا تھا کہ یہ بات حیران کن ہے کہ پاکستان کو پہلی نیلامی میں جو پیشکشیں موصول ہوئی ہیں۔ وہ پاکستان کے مکمل پانڈا بانڈ کے اجراء کے منصوبے سے بھی زائد ہیں۔ پاکستان چینی بانڈ مارکیٹ سے 7.2 ارب آر ایم بی کے بانڈز فروخت کرنا چاہتا ہے۔ جس کی مالیت تقریباً 1 ارب ڈالر ہے۔ پانڈا بانڈ کی اس کامیابی کے پیچھے پاکستان کی معاشی بحالی، اصلاحاتی ایجنڈے اور عالمی سرمایہ مارکیٹوں میں واپسی پر عالمی سرمایہ کاروں کے غیرمعمولی اعتماد کا تاریخی اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔

