جمعرات, جولائی 23, 2026
ہومانرجیمعاشی سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ مالی سال 2026 میں کے-الیکٹرک کے...

معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ مالی سال 2026 میں کے-الیکٹرک کے صنعتی صارفین کا بجلی کا استعمال ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا

23 جولائی 2026: کے-الیکٹرک کے صنعتی فیڈرز پر استعمال کی جانے والی بجلی، مالی سال 2026، میں ریکارڈ 6.08 ارب یونٹس تک پہنچ گئی، جبکہ اسی عرصے کے دوران پاکستان کی جی ڈی پی (GDP) کی شرح نمو 3.7 فیصد رہی۔ یہ کامیابی کراچی، جو ملک کی معاشی شہ رگ ہے، کو قابلِ اعتماد اور مسلسل بجلی کی فراہمی میں کے-الیکٹرک کے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔

کے-الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد طهٰ نے کہا، “اس کامیابی کو اِنفرادی نقطہ نظر سے نہیں دیکھا جا سکتا۔ یہ حکومتِ پاکستان، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور کراچی کی صنعتی برادری کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، جن کے مسلسل تعاون نے سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے ایک مستحکم اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا، “ملک کی معاشی شہ رگ ہونے کے ناطے کراچی پاکستان کی صنعتی اور تجارتی ترقی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ کے-الیکٹرک نے 2013 سے صنعتوں کو بجلی فراہم کرنے والے فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ رکھا ہوا ہے اور ہم قابلِ اعتماد اور پائیدار توانائی کے ذریعے اس ترقی کے سفر میں اپنا کردار جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔”

کے-الیکٹرک کے صنعتی فیڈرز مختلف صنعتی زونز میں واقع مختلف پیداواری اور صنعتی یونٹس کو بجلی فراہم کرتے ہیں، جہاں ہر صنعتی صارفین کے پاس اسمارٹ میٹرز نصب ہیں۔ یہ سہولت کاروباری اداروں کو اپنی بجلی کے استعمال کو براہ راست مانیٹر کرنے کے قابل بناتی ہے۔

سب سے زیادہ بجلی کا استعمال B3 کیٹیگری میں ریکارڈ کیا گیا، جس میں 501 سے 5,000 کلو واٹ تک بجلی استعمال کرنے والی صنعتیں شامل ہیں۔ اس زمرے میں سیمنٹ، اسٹیل، ٹیکسٹائل اور دیگر سیکٹرز کے متعدد صنعتی یونٹس شامل ہیں۔

ماہانہ بنیادوں پر سب سے زیادہ صنعتی بجلی کا استعمال جون 2026 میں ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اپریل 2026 دوسرے نمبر پر رہا۔

اس سے قبل صنعتی فیڈرز پر سب سے زیادہ سالانہ بجلی کی فراہمی مالی سال 2022 میں ریکارڈ کی گئی تھی، جب صنعتی صارفین نے گرڈ سے 5.84 ارب یونٹس بجلی استعمال کی تھی۔ اسی سال ملک کی جی ڈی پی (GDP) کی شرح نمو بھی 6 فیصد سے تجاوز کر گئی تھی۔

مالی سال 2022 کے بعد معاشی چیلنجز کے باعث صنعتی بجلی کا استعمال نسبتاً معتدل رہا، تاہم مالی سال 2026 میں یہ شرح نمایاں طور پر مستحکم رہی اور مالی سال 2025 کے 5.04 ارب یونٹس کے مقابلے میں 20 فیصد سے ذیادہ سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

صنعتوں کو کیپٹو پاور سے گرڈ پر منتقل کرنے کے حکومتی اقدامات اور جی ڈی پی (GDP) کی شرح نمو میں بہتری کے نتیجے میں صنعتی بجلی کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اسی دوران کے-الیکٹرک نے 349 نئے صنعتی کنکشنز فراہم کیے جبکہ 273 صارفین نے اپنے لوڈ میں اضافہ کیا، جس سے مجموعی طور پر 168 میگاواٹ اضافی طلب گرڈ میں شامل ہوئی۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ صنعتی فیڈرز کی ریکوری کی شرح تمام صارفین کے مختلف سیگمنٹس میں سب سے بہتر رہی ہے، جو اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ بروقت بلوں کی ادائیگی لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ حاصل کرنے کے اہم ترین عوامل میں سے ایک ہے۔ کے-الیکٹرک اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ صنعتوں کو بلا تعطل اور قابلِ اعتماد بجلی درکار ہوتی ہے، اور تمام تر چیلنجز کے باوجود ادارہ کراچی کی معاشی سرگرمیوں کو رواں رکھنے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید پڑھیں

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

تازہ ترین