کراچی12 مئی 2026؛ ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین محمد حسن بخشی نے وفاقی آئینی عدالت کی جانب رہائشی پلاٹوں کی کمر شل میں تبدیلی کی پابندی ختم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے تعمیراتی صنعت،شہر منصوبہ بندی اور معیشت کے لیے انتہائی اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے کہا کہ پاکستان کے دیگر شہروں کے برعس کراچی میں رہاشی پلاٹوں کی لیگل کمرشلائزیشن بند ہونے کے باعث غیر قانونی پورشن مافیا مسلسل سرگرم رہا۔ انھوں نے کہا کہ اس غیر یقینی صورتحال نے نہ صرف تعمیراتی شعبے کو نقصان پہنچایا بلکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی متاثر کیا۔رہائشی پلاٹوں کی لیگل کمرشلائزیشن سے متعلق کیس 2019 سے عدالت میں زیرِ التوا تھا اور اس کا فیصلہ 7 سال بعد 2026 میں سامنے آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عدالتوں میں مقدمات کے فیصلے بروقت ہوں تو ملک کی معیشت کا پہیہ مسلسل چلتا رہتا ہے اور سرمایہ کاری کے عمل میں رکاوٹیں پیدا نہیں ہوتیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ تاخیر سے ہونے والے فیصلوں کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں اور شہریوں کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔محمد حسن بخشی نے واضح کیا کہ آباد اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ پارکس، مساجد، اسپتالوں اور دیگر ایمنٹی پلاٹس کی کمرشل تبدیلی کسی صورت نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ یہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے مختص مقامات ہیں۔ انھوں نے کہا کہ شہری سہولتوں کے تحفظ کے بغیر کسی بھی شہر کی متوازن ترقی ممکن نہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بدامنی اور غیر قانونی تعمیرات سے متعلق مختلف کیسز میں عدالتوں میں سی ایم اے دائر کی جاتی رہی ہیں جس کے باعث شہری اور سرمایہ کار کئی کئی سال مشکلات اور غیر یقینی کیفیت کا شکار رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال نے تعمیراتی سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبوں کو بھی شدید متاثر کیا۔چیئرمین آباد نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت کے حالیہ فیصلے کے بعد عدالتی عمل دوبارہ بحال ہوگیا ہے، جو ایک خوش آئند اور مثبت اقدام ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ اس فیصلے سے کراچی میں قانونی تعمیرات اور شہری منصوبہ بندی کے عمل میں بہتری آئے گی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔محمحمد حسن بخشی نے کہا کہ آباد وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کے بعد اپنے تمام ممبران کو مبارکباد پیش کرتا ہے اور توقع رکھتا ہے کہ مستقبل میں تعمیراتی شعبے سے متعلق معاملات قانون اور ضابطوں کے مطابق آگے بڑھائے جائیں گے تاکہ کراچی کی پائیدار اور منظم ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔

