کراچی (21-05-2026) صدر یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) زبیر طفیل نے پاکستان کے ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن (ڈبلیو سی او)کے پالیسی کمیشن کیلئے 2026-28 کی مدت کے انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے کو ایک تاریخی سفارتی، تجارتی اور ادارہ جاتی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے حکومتِ پاکستان، وفاقی بورڈ آف ریونیو اور پاکستان کسٹمز کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔زبیر طفیل نے اپنے بیان میں کہا کہ تقریباً سات دہائیوں پر محیط رکنیت کے دوران پہلی مرتبہ پاکستان کو ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن کے اس اعلیٰ ترین پالیسی فورم میں نمائندگی حاصل ہوئی ہے، جو عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار، مؤثر کسٹمز ڈپلومیسی اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کسٹمز بلکہ پوری کاروباری برادری اور ملکی معیشت کیلئے باعثِ افتخار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ میں ایشیا پیسیفک ریجنل ہیڈز آف کسٹمز ایڈمنسٹریشنز کے اجلاس میں سخت اور بھرپور مقابلے کے باوجود پاکستان کا پانچ نشستوں کیلئے چھ امیدوار ممالک میں کامیابی حاصل کرنا اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ عالمی برادری پاکستان کی تجارتی اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن اور کسٹمز نظام میں شفافیت کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔صدر یو بی جی نے کہا کہ ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن کا پالیسی کمیشن عالمی تجارت، کسٹمز کی جدیدکاری، تجارتی سہولت کاری، ڈیجیٹل تبدیلی اور بین الاقوامی گورننس سے متعلق پالیسی سازی کا اہم ترین پلیٹ فارم ہے، جہاں پاکستان کی موجودگی سے نہ صرف ملکی مفادات کا مؤثر دفاع ممکن ہوگا بلکہ عالمی تجارتی پالیسی سازی میں پاکستان کی آواز بھی مزید مضبوط اور بااثر بنے گی۔زبیر طفیل نے مزید کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران پاکستان کی فعال کسٹمز ڈپلومیسی، علاقائی سطح پر مؤثر روابط، ادارہ جاتی اصلاحات اور برسلز میں پاکستان کسٹمز کے مستقل مشن کے قیام نے عالمی فورمز پر پاکستان کی ساکھ کو نمایاں طور پر مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جون 2026 میں ڈبلیو سی او کونسل اجلاس میں اس نامزدگی کی باضابطہ منظوری کے بعد پاکستان عالمی تجارتی اور کسٹمز پالیسی سازی میں مزید فعال اور قائدانہ کردار ادا کرے

